میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
لانگ مارچ کریں گے لیکن 18ویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دیں گے، بلاول بھٹو زرداری

لانگ مارچ کریں گے لیکن 18ویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دیں گے، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک
بدھ, ۳۰ جنوری ۲۰۱۹

شیئر کریں

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کرنا پڑا تو کریں گے لیکن 18ویں ترمیم پرآنچ نہیں آنے دیں گے۔

عمران خان کی جدوجہد میں اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ ہے۔ عمران خان کو منظور وسان کے خوابوں کو سنجیدہ لینا چاہیے۔ہمارے ملک میں بہت سی مشکلات ہیں جن کا ہمیں سامنا کرنا ہے۔ وفاق کو سندھ کے اسپتال چھیننے نہیں دیں گے، اسپتالوں کی حوالگی کے لیے سندھ حکومت میں ریویو پٹیشن دائر کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو گمبٹ میں میڈیکل کالج کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا،اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے اسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت بھی کی اور ان کا حال احوال دریافت کیا۔گمبٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر نے بلاول بھٹو زرداری کو بریفنگ دیتے ہوئے کالج اور اسپتال کی کارکردگی بیان کی۔بلاول بھٹو زرداری نے اسپتال اور کالج کے نظم و ضبط اوراعلیٰ معیارپر انتظامیہ کو سراہا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے صوبے اور ملک کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے، جب بھی منتخب حکومت آتی ہے ہمارا پانی اور گیس بند کردیا جاتاہے، پیپلز پارٹی اورسندھ حکومت اپنا کام کررہی ہیں، سندھ حکومت کام میں سب سے آگے ہے، گمبٹ اسپتال ہماری خدمت کی ایک مثال ہے، جب غریب عوام یہاں آکر مفت علاج کراتے ہیں تو مجھے خوشی ہوتی ہے۔

گمبٹ میں لیور ٹرانسپلانٹ مفت ہو رہا ہے جہاں نہ صرف ملک بھر سے بلکہ افغانستان سے بھی مریض آکر اپنا علاج کرا رہے ہیں۔ ہم عوام پر ٹیکس نہیں ڈالیں گے ہم اپنے عوام کو سہولیات فراہم کریں گے۔ پاکستان کی معیشت کو چیلنجز کا سامنا ہے۔سندھ کے ڈاکٹرز پورے ملک کے عوام کو مفت اور معیاری علاج کی سہولت دیں گے۔ چیلنج کرتا ہوں کہ عمران خان گمبٹ جیسا میڈیکل انسٹیٹیوٹ خیبر پختونخوا میں نہیں بنا سکتے۔طبی اداروں کا انتظامی کنٹرول وفاق کو دوبارہ دینے کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب یہ ادارے وفاق کے ماتحت تھے تب یہ چندے پر چلتے تھے، قومی ادارہ برائے امراض قلب جب وفاق کے پاس تھا تو یہاں علاج بہت مہنگا تھا۔ اب پاکستان کے غریب عوام سندھ آکر مفت علاج کروا رہے ہیں، جو بھی قانونی راستہ ہوگا اختیار کریں گے لیکن وفاق کو سندھ کے اسپتال چھیننے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے لیے تیار ہوں، 18 ویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دوں گا، جو بھی قانونی راستہ ہوگا وہ اختیار کریں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں