شاہ محمود قریشی کو پولیس کی گاڑی میں جیسے دھکیلا گیا وہ قابل مذمت ہے، رضا ربانی
شیئر کریں
سابق چیئرمین سینیٹ و رہنما پیپلز پارٹی رضا ربانی نے کہا ہے کہ جس انداز سے شاہ محمود قریشی کو پولیس کی گاڑی میں دھکیلا گیا وہ قابل مذمت ہے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پولیس کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی کی مذمت کرتے ہیں، سیاستدان اور سابق وزیر خارجہ ہونے کے ساتھ ساتھ وہ پاکستان کے شہری بھی ہیں اور انہیں عزت ملنی چاہیے، پولیس شہریوں کے ساتھ ایسا سلوک کرتی ہے جیسے وہ ریاست کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ پولیس اور سول ملازمین نے سامراج کی طرز حکمرانی کو اب تک نہیں چھوڑا ہے، وہ شہریوں سے ایسا برتاؤ کرتے ہیں کہ ان کی سبکی کی جائے، اسلام آباد میں بھی پولیس نے پرامن بلوچ خواتین و مرد مظاہرین کے ساتھ بدسلوکی کی اور انہیں گرفتار کیا، شہریوں کے ساتھ گاؤں اور قصبوں میں ایسے واقعات ہونا معمول ہیں، مطالبہ کرتا ہوں کہ ملوث افسران کو ملازمت سے برطرف کرکے مثال قائم کی جائے۔