محکمہ ماحولیات میں اندھیر نگری نگری چوپٹ راج
شیئر کریں
سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) میں اندھیر نگری نگری چوپٹ راج، وزیر ماحولیات اور ڈی جی سیپا کے گٹھ جوڑ کے باعث محکمہ سیپاسے چھٹی لینے کے علاوہ پی ایچ ڈی کرنے کیلئے کینیڈا جانے والے افسر کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہوگیا،کینیڈین شہریت کے حامل افسر نے پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی جمع نہیں کروائی، نان کیڈر ڈی جی نعیم احمد مغل نے کینیڈین شہری ڈپٹی ڈائریکٹر محمد کامران خان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کرلی۔ جرأت کو موصول دستاویز کے مطابق محکمہ ماحولیات سندھ کے ماتحت اہم ادارے سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) میں گریڈ 17 کے افسر محمد کامران خان ریجنل آفس کراچی میں کیمسٹ کے طور پر تعینات رہے، بعد میں وہ محکمے اور اعلیٰ افسران کے آگاہ کرنے کے علاوہ ہی پی ایچ ڈی کرنے کے لئے کینیڈا چلے گئے،جس پر اس وقت کے سیکریٹری ماحولیات نے ڈی جی سیپا نعیم احمد مغل کو تحریری طور پر آگاہ کیا، کیمسٹ محمد کامران خان کو کئی بار لیٹر جاری کئے گئے لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا، محمد کامران خان کے کینیڈا جانے کے بارے میں چھٹی کی کوئی درخواست موجود نہیں جس پر 20 دسمبر 2016 کو گریڈ 17 کے افسر محمد کامران خان کو مفرور قرار دیا گیا اور اس کے بعد 20 اگست 2018کو بھی محمد کامران خان کی غیر حاضری، غیر موجودگی کے متعلق لیٹر جاری کیا گیا اس تمام صورتحال میں ڈائریکٹر جنرل سیپا نعیم احمد مغل کیمسٹ محمد کامران خان کے خلاف کارروائی کریں۔ سابق سیکریٹری ماحولیات کی تحریری طور پر آگاہی کے باوجودڈی جی سیپا نعیم احمد مغل نے بگھوڑے افسر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی اور کینیڈین پاسپورٹ پر واپسی کے بعد اپنا چہیتا بنا لیا، ڈی جی سیپا نعیم مغل نے محمد کامران خان کو گریڈ 18 میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر ترقی دینے کے بعد کیماڑی اور سینٹرل اضلاع کا انچارج تعینات کیا، اس کے علاوہ بی ٹی ایس ٹاورز کی اضافی چارج سے بھی نوازا۔ سیپا کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈ پٹی ڈائریکٹر محمد کامران خان نے پی ایچ ڈی کی کوئی ڈگری سیپا میں جمع ہی نہیں کروائی، نان کیڈر ڈی جی سیپا نعیم احمد مغل گزشتہ 12 سال سے عہدے پر براجمان ہیں اور ان کا اصرار ہے کہ سیپا ایکٹ کے سیکشن 5 کے سب سیکشن 5 کے تحت انتظامی امور کی تعیناتیاں وہ کریں گے ، وزیر ماحولیات اسماعیل راہوتمام امور میں خاموشی سے نان کیڈر ڈی جی سیپا نعیم احمد مغل کا ساتھ دے رہے ہیں ۔