ادارہ ترقیات حیدرآباد، سیکریٹری کی تقرری قواعد کے خلاف ہونے کا انکشاف
شیئر کریں
ادارہ ترقیات حیدرآباد ، سیکریٹری کی تقرری قواعد و ضوابط کے خلاف ہونے کا انکشاف، عبدالمنان شیخ کی تعیناتی پر کسی اعلیٰ اختیاری سے منظوری نہیں لی گئی، ڈائریکٹر جنرل نے 21 جولائی کو ڈائریکٹر اسٹیٹ عبدالمنان شیخ کی بطور سیکریٹری تعیناتی کا نوٹیفکیشن نکالا، عبدالمنان شیخ پر کرپشن کے سنگین الزامات، تفصیلات کے مطابق ادارہ ترقیات حیدرآباد کے سیکریٹری کی تعیناتی قواعد و ضوابط کے خلاف ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ادارہ ترقیات کے افسران کے مطابق سیکریٹری تعیناتی سیکریٹری بلدیات اور وزیر بلدیات کی منظوری سے مشروط ہوتی ہے لیکن عبدالمنان شیخ کو اعلیٰ اختیاری کی منظوری کے بغیر سیکریٹری ادارہ ترقیات حیدرآباد تعینات کردیا گیا، روزنامہ جرأت کو ملنے والے نوٹیفکیشن کے مطابق21 جولائی کو ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات حیدرآباد نے رحمت اللہ جمالی کو ہٹا کر ڈائریکٹر اسٹیٹ عبدالمنان شیخ کو سیکریٹری ادارہ ترقیات تعینات کیا، رحمت اللہ جمالی ڈائریکٹر اکائونٹس تھے جن کے پاس سیکریٹری کا اضافی چارج تھا، عبدالمنان شیخ اس سیکریٹری کے ساتھ ڈائریکٹر اسٹیٹ کے عہدے پر براجمان ہے، عبدالمنان شیخ پر کرپشن کی سنگین الزامات ہیں اور طویل عرصے کے بعد ادارہ ترقیات میں اہم عہدے پر تعینات افسران میں بے چینی پھیل گئی، عبدالمنان شیخ کو حیدرآباد کے بدنام زمانہ بلڈر کا دست راست سمجھا جاتا ہے اور اینٹی کرپشن میں متعدد انکوائریز بھی اس کے خلاف جاری ہیں، عبدالمنان شیخ کی تعیناتی کے حوالے سے سیکریٹری بلدیات نجم شاہ کو متعدد بار کالز اور میسجز کئے گئے لیکن انہوں نے موقف نہیں دیا ،جبکہ ڈائریکٹر جنرل نے کال اٹینڈ نہیں کی۔