صحافتی تنظیموں کا مطیع اللہ کی فوری رہائی کا مطالبہ
شیئر کریں
انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) اورصحافتی تنظیموں نے صحافی مطیع اللہ جان کی مبینہ گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ایچ آر سی پی نے مطیع اللہ جان کی فوری رہائی کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطیع اللہ جان کو فوری اور غیرمشروط طور پر رہا کیا جائے ، صحافیوں کو خاموش
کرنے کا یہ آمرانہ حربہ بند ہونا چاہیے۔صحافتی حقوق کی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ ( سی پی جے ) نے بھی سینئر صحافی مطیع اللہ جان کی مبینہ گرفتاری کی مذمت کردی۔ سی پی جے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صحافی مطیع اللہ جان کی رہائی کامطالبہ کرتے ہیں، ان واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔دریں اثناء ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے ) نے اسلام آباد میں سینئر صحافی مطیع اللہ جان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔