ٹی ٹی پی پر طاقت استعمال سے انکار،پاکستان متبادل طریقے بتائے، افغانستان
شیئر کریں
افغان طالبان کی حکومت نے پاکستان سے کہا ہے وہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے نمٹنے کیلیے متبادل طریقے تجویز کرے کیونکہ کابل نے دہشت گرد تنظیم کے خلاف طاقت کے استعمال سے صاف انکار کر دیا ہے۔پاکستان اور افغانستان کے درمیان کئی مہینوں سے کشیدگی عروج پر ہے تاہم دونوں ممالک صورتحال سے نمٹنے کیلیے مناسب چینلز کے ذریعے رابطے میں ہیں۔حالیہ رابطوں کے باوجود تعطل ختم نہیں ہو سکا کیونکہ افغان طالبان اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔اگرچہ پاکستان نے ٹی ٹی پی کو بے اثر کرنے کیلئے طاقت کے استعمال پر زور دیا ہے تاہم طالبان حکومت مسئلے سے نمٹنے کیلیے متبادل طریقے پر زور دے رہی ہے۔افغان میڈیا رپورٹس میں نامعلوم طالبان عہدیداروں کے حوالے سے کہا گیا ہے کابل دو اہم وجوہات پر ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی نہیں کرے گا: (الف) ٹی ٹی پی نے افغانستان میں امریکی زیر قیادت فوجی مہم کے دوران طالبان کے ساتھ مل کر لڑا۔(ب) اس کے خلاف کارروائی کرنا افغان روایت کے خلاف ہے۔ اسی طرح، افغان طالبان کو خدشہ ہے ٹی ٹی پی کے خلاف کوئی بھی تعزیری کارروائی اس کے جنگجوئوں کو داعش دہشت گرد تنظیم میں شامل ہونے پر مجبور کر دے گی، جسے افغان طالبان دشمن اول سمجھتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے افغان طالبان پاکستان کو ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی یہی وجہ بتا رہے تھے۔ تاہم یہ پالیسی اسلام آباد کو قابل قبول نہیں ہے۔ خیال کیا جاتا ہے افغان طالبان پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات کی بحالی چاہتے ہیں۔