پنجاب اور سندھ سے پی ٹی آئی اراکین کے استعفے آنا شروع
شیئر کریں
پنجاب اور سندھ سے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین صوبائی اسمبلی کے استعفے آنا شروع ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے اراکین نے استعفے دے دیے، پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان کو تمام اراکین کے استعفے موصول ہو گئے۔ پارٹی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں شرکت کرنے والے خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں موجود تمام 26 اراکین نے اپنے استعفے جمع کروادیے ہیں، چیئرمین عمران خان کی کال پر اراکین نے استعفے دیے، قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ بھی صورت حال سے آگاہ ہیں۔ قائد جب حکم دیں گے استعفے سندھ اسمبلی میں جمع کروا دیں گے، یہ نشست عمران خان کی امانت ہے، ووٹ عمران خان کا تھا اور رہے گا۔ دوسری جانب پنجاب میں بھی تحریک انصاف کے اراکین نے استعفے دینا شروع کردیے، پی پی 224 سے رکن اسمبلی محمد عامر اقبال شاہ نے اپنا استعفیٰ پیش کر دیا۔ عامر اقبال شاہ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے نام استعفیٰ تحریر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی پالیسی کے مطابق اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوتا ہوں۔ پی پی 113 سے ممبر صوبائی اسمبلی میاں وارث عزیز نے اپنا استعفیٰ عمران خان کو بھجوا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کے ٹکٹ پر ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوا تھا، آپ پر ایسی ہزاروں ایم پی اے شپ قربان کر دوں گا، استعفیٰ پیش کرتا ہوں جب چاہیں منظور کر لیں۔پنجاب سے استعفوں کی مجموعی تعداد تین ہو گئی ہے۔