میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نئی کمان پرانے چیلنجز ۔۔۔

نئی کمان پرانے چیلنجز ۔۔۔

منتظم
منگل, ۲۹ نومبر ۲۰۱۶

شیئر کریں

sehra-ba-sehra-1

محمد انیس الرحمن
ان سطور کی اشاعت تک پاکستان کی نئی عسکری کمان جنرل قمر جاوید باجوہ کی صورت میںنئی ذمہ داریاں باقاعدہ سنبھال چکی ہوگی ،اس کے ساتھ ہی وطن عزیز میں جاری مختلف قسم کی قیاس آرائیاں تمام ہوئیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کا اس حوالے سے ماضی کا کیا ٹریک ریکارڈ ہے، اس موضوع پر تو پاکستان بھر کا میڈیا تبصرے کرتا رہا ہے، اس لیے ہم اس تعیناتی اور عالمی اور خطے کی سطح پر تیزی سے بدلتے حالات کا جائزہ لیں گے۔
داخلی طور پرجنرل قمر جاوید باجوہ کو سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی اور مالیاتی کرپشن کے درمیان ربط کی شکل میںپیدا ہونے والی انارکی کا تارپود بکھیرنے کی صورت میں درپیش ہے کیونکہ پاکستان کے کرپٹ ترین سیاستدان سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی اس پالیسی کو ”سیاسی رنگ“ دینے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ اس کی سب سے بڑی مثال آصف زرداری کی جانب سے اینٹوں سے اینٹیں بجانے والی ہوائی بڑھک تھی جس کے بعد وہ ملک سے ایسے فرار ہوئے کہ تاحال واپسی کا کوئی راستہ سجھائی نہیں دے رہا۔ نون لیگ کی حکومت خصوصا شریف خاندان نے دہشت گردی اور کرپشن کے اس ناسور کو ختم کرنے کی کوششوں کے راستے میں جو روڑے اٹکائے ہیں وہ بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ نون لیگ کو عمران خان کے ہر سیاسی احتجاج کی شکل میں اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ نظر آتا رہا اور تاحال یہ صورتحال برقرار ہے۔ پاکستانی سیاست کے ان ”شاہی سیاسی خانوادوں“ نے دہشت گردی کو ہمیشہ اسی حوالے سے دیکھا جو مغرب دنیا کو دکھاتا رہا ہے ان کے نزدیک دہشت گردی کی تعریف صرف مذہبی عسکریت پسندی کی شکل لیے ہوئے ہے۔ لیکن جیسے ہی ”معاشی دہشت گردی“ کی بات آتی ہے ان کی اپنی ٹانگیں کانپنے لگتیں ہیں۔ یہی وجہ ہے جب تک فوجی آپریشن جنرل کیانی کے دور میںسوات اور اس کے بعد جنرل راحیل شریف کے دور میں قبائلی علاقوں تک دراز ہوا یہ سیاسی بزرجمہر بغلیں بجاتے رہے لیکن جیسے ہی کراچی آپریشن کی شکل میں عسکری دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ معاشی دہشت گردوں پر بھی ہاتھ ڈالاگیا تو کھرا بڑے بڑے سیاستدانوں کے گھروں تک جانکلا ۔ ۔ ۔اس لیے انہوں نے کراچی آپریشن کو متنازع بنانے کی کوششیں شروع کردیں۔”ڈان لیکس“ جیسے کارنامے انجام دے کر پاک فوج اور اس کے ذیلی اداروں کو اپنی کارروائیاں عسکریت پسندوں تک محدود رکھنے کے پیغامات دیئے۔ زرداری دور میں پاکستان کے سیاسی مافیا کا خیال تھا کہ فوج اب طویل عرصے تک عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں پھنسی رہے گی اس لیے حکمران سیاسی مافیا چین سے جمہوریت کے نام پر اپنے باقی ”کارنامے“ جاری رکھے گا۔ سوات میں امن قائم ہونے کے بعد سیاسی مافیا اور اس کے زر خرید میڈیا ہاوسز اور نام نہاد دانشوروں نے قبائلی علاقوں میں آپریشن کی رٹ لگائی کیونکہ ان سب کا پشتی بان امریکا ایسا چاہتا تھا لیکن اس طرح پاکستان کے دفاعی ادارے اپنے ہی ملک میں ایک طویل جنگ میں پھنس جاتے ،اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ کا خیال تھا کہ قبائلی علاقوں میں جنگ لے جانے سے اس بات کا خدشہ ہے کہ یہ جنگ ملک کے باقی حصوں تک نہ پھیل جائے اس لیے اس سلسلے میں کافی احتیاط کی ضرورت تھی لیکن جنرل کیانی کی ریٹائرمنٹ کے بعد سیاسی مافیا کے گماشتوں نے ان کے خلاف زبانیں دراز کرلیں اور تو اور آئی ایس پی آر کے ایک سابق سربراہ جن کے دو بھائی میدان صحافت میں ”خاصے کارہائے نمایاں“ انجام دے چکے ہیں جنرل کیانی کو قوت فیصلہ سے عاری شخص قرار دے دیتے ہیں۔
جنرل راحیل شریف آئے تو انہوں نے نئی حکمت عملی کے تحت دہشت گردی کے خلاف جنگ کا دائرہ قبائلی علاقوں تک دراز کرکے آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا اور کامیابی کے ساتھ ان علاقوں میں امن قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے لیکن جب یہی آپریشن ضرب عضب کراچی پہنچا اور بڑے بڑے سیاسی نام اس کی زد میں آنا شروع ہوئے تو اسی آپریشن میں کیڑے نکالے جانے لگے۔یہ وطن عزیز کے خلاف ایک بڑی گھناﺅنی سازش تھی جس میں پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں پر مشتمل سیاسی مافیا پوری طرح ملوث رہا۔ان حالات میں ”ڈان لیکس“ کی شکل میں ایک بڑی سازش سامنے آئی جس کے تحت بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کو پاکستانی اسٹیبلشمنٹ پر دباﺅ بڑھانے کے لیے استعمال کیا گیا۔ بنیادی طور پر یہ ایک سنگین جرم تھا جس کے تحت ملکی سلامتی سے کھیلنے کی کوشش کی گئی۔ اس لیے نئے آرمی چیف کی تقرری کے بعد ڈان لیکس پرپاکستانی اسٹیبلشمنٹ کا آئندہ کا رویہ اس بات کا تعین کردے گا کہ مستقبل میں نئے آرمی چیف ایک طرف ملکی سلامتی کے ایشو اور دوسری طرف ملکی سیاسی حلقوں کو کس انداز میں لیتے ہیں۔
اس حوالے سے پہلے بھی کہا جاتا رہا ہے کہ 2005ءکے بعد جس وقت امریکا کو افغانستان میں مار پڑنا شروع ہوئی تو اس نے بھرپور مدد کے لیے پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کو استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن اس حوالے سے پاکستان کی اپنی علاقائی اور جغرافیائی مجبوریاں تھیں اس لیے امریکا اور اس کے صہیونی حواریوں نے پاکستان کے عسکری اداروں پر ”ڈبل گیم“ کا الزام عائد کیا اور اس کے تدارک کے لیے پاکستانی سیاسی مافیا کے بھرپور استعمال کا منصوبہ وضع کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں سب سے پہلے جنرل مشرف کی سیاسی مجبوریوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بدنام زمانہ این آر او کی راہ ہموار کی گئی تھی ۔یہ تمام منصوبہ امریکی اور برطانوی اسٹیبلشمنٹ کے زیر سایہ پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا تھاجس میں مشرف کو مزید طویل عرصے تک کرسی صدارت پر براجمان ہونے کا سبز خواب دکھایا گیا ، دوسری جانب نون لیگ اور پی پی کے درمیان ”چارٹر آف ڈیموکریسی“ کروایا گیا تاکہ یہ دو سیاسی جماعتیں آپس میں لڑ کرپاکستانی اسٹیبلشمنٹ کا کام آسان نہ کریں۔ عجیب بات یہ ہے کہ اس نام نہاد چارٹر آف ڈیموکریسی کی سترہویں شق میں لکھا تھا کہ دہلی اور کابل کے ساتھ ہر صورت اچھے تعلقات استوار کئے جائیں گے۔ کیا یہ حیرت کی بات نہیں کہ دو علاقائی سیاسی جماعتوں کے درمیان ایک معاہدہ ہو اور اس میں کابل اور دہلی کا ذکر بھی آئے؟ کیا اس ایک شق سے اندازہ نہیں ہوجاتا کہ اس ”چارٹر آف ڈیموکریسی“ کو کہیں اور ڈرافٹ کیا گیا تھا۔۔۔کیا دہلی اور کابل کے ساتھ ہرصورت تعلقات استوار کرنے کا مطلب پاکستان کے دفاعی اداروں کو زچ کرنا نہیں تھا؟
یہ ایک بین الاقوامی ”بندوبست“ تھا دوسرے الفاظ میں پاکستان کے عسکری اداروں کے خلاف داخلی طور پر ایک مورچہ قائم کیا گیا تھا جسے پوری طرح سمجھ لینے کے جرم میںبے نظیر بھٹو کو راستے سے ہٹاکران کی جگہ زرداری کو تعینات کردیاگیا جبکہ نواز شریف اپنی ”کمٹمنٹ“ پر قائم رہے اور فائدہ ملک بھر کے سارے معاشی سیاسی دہشت گردوں نے اٹھایا۔ مشرف سے کام نکلوانے کے بعد اسے تاریخ کی ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا تھا۔یہی وہ ”عالمی صہیونی سیاسی بندوبست“ تھا جس کے تحت افغانستان کے وار لارڈز کی طرح پاکستان کی سیاسی جماعتوں نے پاکستانی صوبوں کو اپنی اپنی عملداری میں تقسیم کرلیا تھا۔ مثلا وفاق میں حکومت ہو یا نہ ہو لیکن سندھ پی پی کے پاس ہی رہنا تھا، اسی طرح وفاق میں بے شک پی پی کی حکومت ہو لیکن پنجاب نے نون لیگ کے پاس رہنا تھا۔ مشرف دور میں کے پی کے میں اے این پی اور ایم ایم اے یہی کردار ادا کرتی رہی تھیں جبکہ بلوچستان کا سیاسی معجون سب کے سامنے ہے۔یہ ان حالات کا ایک سرسری جائزہ ہے جس میں وطن عزیز نے گزشتہ دس برس نام نہاد جمہوریت کے نام پر ایک عذاب جھیلا ہے جس میں ادارے تباہ کردیئے گئے، کرپشن اور قتل و غارت نے ملک کو مفلسی اور انارکی کی دہلیز پر لاکھڑا کیا۔
اب جس بات کا جائزہ لینا مقصود ہے اس کا تعلق بین الاقوامی معاملات کے ساتھ ساتھ اس خطے کی تیزی کی ساتھ بدلتی ہوئی صورتحال ہے۔ پاک چین اقتصادی راہ داری رواں دواں ہوچکی ہے۔ سیاسی مافیا اس منصوبے کی کامیابی کا سہرا اپنے سر لینے کے لیے قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کرتا ہے لیکن یہ سیاسی مافیا اس منصوبے کا پلان بنانے کی بھی صلاحیت نہیں رکھتاتھانہ صرف بین الاقوامی سطح پر بلکہ پاکستان کے اندر بھی ہر کوئی اس حقیقت سے واقف ہے کہ حیران کن منصوبے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔افغانستان میں امریکا اور اس کے صہیونی دجالی اتحاد کے تسلط کے بعدجس تیزی کے ساتھ اس خطے میں بھارت کو قائدانہ کردار دیا جانے والا تھا اس میں پاکستانی اداروں کا یہ شاندار پلان سب سے بڑی رکاوٹ بن گیا۔ اس میں شک نہیں کہ اس منصوبے کا زیادہ فائدہ چین کو ہوگا لیکن عالمی کشمکش میں یہ اقتصادی راہ داری پاکستان کی ”لائف انشورنس“ کا کام دے گی ۔ اس حوالے سے پاکستان پر ہاتھ ڈالنا براہ راست چین پر ہاتھ ڈالنے کے مترادف ہوجائے گا۔ بھارت کی جانب سے پاکستانی سمندروں میں بھارتی آبدوز کی دراندازی کی کوشش کے بعد جہاں پاک بحریہ پہلے ہی چوکس تھی وہاں اب چین نے بھی گوادر کی بندرگاہ پر اپنے بحری جنگی جہاز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے بھارت کی چیخیں نکل گئی ہیں اور مودی نے پھر پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ اس صورتحال میں بڑی ڈرامائی تبدیلی اس وقت دیکھنے میں آئی جب روس نے بھی اس راہ داری میں شمولیت کی درخواست کردی۔جس سے یہ بات ثابت ہونا شروع ہوگئی ہے کہ دنیا میں اب طاقت کے مراکز تبدیلی کی جانب گامزن ہیں اور اس صورتحال میں دہلی پر براجمان مودی جیسا مخبوط الحواس شخص بھارت کو کس انجام سے دوچار کرسکتا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارت نے جو محدود جنگ کی کیفیت پیدا کررکھی ہے وہ خود بھارت کو اس کی اپنی لگائی ہوئی آگ میں جلا دے گی اور اس سلسلے میں خود بھارت کے بعض بیدار حلقے تشویش کا اظہار کرنے لگے ہیں۔ دوسری جانب امریکا نے مشرق وسطیٰ میں جو آگ بھڑکائی ہے وہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے کے لیے تیار ہے۔ یہ آگ پہلے پاکستان کے شمالی علاقوں سے لیکر بلوچستان تک پھیلائی گئی تھی تاکہ چین کو سنکیانگ سے آگے جھانکنے کے لیے سر نہ نکالنا پڑے لیکن اس دہشت گردی کے عالم میں اقتصادی راہ داری کا منصوبہ درحقیقت امریکا کے صہیونی منصوبوں پر بری طرح پانی پھیر گیا ہے۔ اب روس اس راہ داری میں شامل ہونے کے لیے پر تول رہا ہے جس سے پاکستان کی پوزیشن مستقبل قریب میں مزید مضبوط ہوجائے گی جو امریکا، بھارت اور اسرائیل کو کسی صورت منظور نہیں تھی۔
ان حالات میں اب جبکہ طاقت کے بہت سے مراکز مغرب سے کھسک کر ایشیا میں آرہے ہیں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہوجاتا ہے ۔یقینی بات ہے کہ پاکستان کے اہم کردار سے مراد یہاں پاکستان کے دفاعی ادارے ہیں جن کے ذریعے نہ صرف اقتصادی راہ داری کا تحفظ ممکن ہے بلکہ داخلی اور خارجی سطح پر ملک دشمنوں کی ناپاک سازشوں کا مقابلہ بھی ہے۔ آنے والا دور انتہائی سریع الحرکت اور کم وقت میں بڑے فیصلے لینے کا دور ہے۔ ترکی سے لیکر انڈونیشیا تک اور شمالی افریقہ سے لیکر سنکیانگ تک ایک نئی سیاسی اور اقتصادی صف بندی ہورہی ہے پاکستان ان دونوں معاملات میں جغرافیائی طور پر مرکزی حیثیت کا حامل ہے اس لیے عسکری دہشت گردی کے ناسور کے ساتھ ساتھ معاشی دہشت گردی کے خلاف بے رحم آپریشن وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔ دنیا تیزی کے ساتھ قوم پرستانہ خیالات کی جانب پلٹ رہی ہے، عالمی اتحادوں کی سیاست دم توڑ رہی ہے، امریکا جو جمہوریت کے نام کا چورن بیچتا تھا اس کی دکان بند ہونے کو ہے۔ ایسے میں پاکستان میں جمہوریت کے نام پر لوٹ مار کرنے والے سیاسی مافیا سے لوٹی ہوئی دولت نکلوانا اور پاکستان کے دفاعی اداروں کے خلاف اندر سے سازش کرنے والے عناصر کا کڑا احتساب وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے۔
٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں