مریم نواز 44 برس کی ہو گئیں ،سوشل میڈیا پر مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا
شیئر کریں
سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز گزشتہ روز 44 برس کی ہو گئیں ،سوشل میڈیا پر مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا جبکہ ہیش ٹیگ سالگرہ مبارک مریم نواز بھی ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ۔28اکتوبر 1973ء کو لاہور میں آنکھ کھولنے والی اعلیٰ تعلیم یافتہ مریم نواز کا سیاسی سفر 2013ء کے انتخابات سے شروع ہوا جب انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم ایسے زبردست اور کامیاب انداز میں چلائی کہ میاں نواز شریف ملک کے تیسری بار وزیراعظم منتخب ہوگئے۔مریم نواز صرف سیاسی میدان میں ہی نہیں بلکہ خواتین کے حقوق اور بچیوں کی تعلیم کے فروغ میں بھی نمایاں ہیں اور اسی بناء پر برطانوی نشریاتی ادارے نے نواز شریف کے دور اقتدار میں انہیں دنیا کی 100 سربراہان مملکت کی بااثر بیٹیوں میں شامل کیا۔حال ہی میں این اے 120ء کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی جیت میں ان کا کلیدی کردار رہا اور جس طرح انہوں نے تن تنہا اس مہم کو چلایا اور اپنی والدہ کلثوم نواز کو جتوایا وہ مریم نواز کی سیاسی حکمت عملی کا جیتا جاگتا نمونہ ہے۔مریم نواز کی سالگرہ کے موقع پر ٹوئیٹر پر انہیں مبارک باد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا ۔ ہیش ٹیگ سال گرہ مبارک مریم نواز ٹاپ ٹین ٹرینڈ بن گیا ۔مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر اکانٹ پر لوگوں کی مبارکباد کا شکریہ ادا کرنے کی لیے ایک ٹویٹ کی جس میں انہوں نے لکھا کہ میں اپنی سالگرہ پر ملنے والی ان مبارکباد اور دعائوں کے لیے دل سے شکر گزار ہوں، آپ لوگوں کا یہ پیار میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔جبکہ مریم نواز نے صارفین کے پوچھنے پر یہ بھی بتایا کہ وہ 44 برس کی ہوگئی ہیں۔سوشل میڈیا پر لوگوں نے سالگرہ کی مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ انہیں ڈھیروں دعائیں بھی دیں۔رکن قومی اسمبلی مائزہ حمید نے مریم نواز کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی روشنی سے گرتے ہوئے لوگوں کو اٹھ کر چمکنے کا موقع دیتی ہیں۔انہوں نے مریم نواز کو لمبی عمر کی دعائیں دیں۔جبکہ انہوں نے سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں مریم نواز پر فخر ہے۔کئی صارفین نے مریم نواز کی تصویر کو سالگرہ کی مبارک کے ساتھ سجا کر شیئر کیا۔