میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ہنگو: مسجد میں دھماکا، 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ہنگو: مسجد میں دھماکا، 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

جرات ڈیسک
جمعه, ۲۹ ستمبر ۲۰۲۳

شیئر کریں

ہنگو کی ایک مسجد میں جمعہ کے خطبے کے دوران دھماکا ہوا، جس میں 5 افراد جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق اب تک 5افراد کی لاشیں اور 12زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا تھانہ دوآبہ کے اندر مسجد میں ہوا، جس میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ایس ایچ او شابراز خان کے مطابق دھماکا جمعہ کے آخری خطبے کے دوران ہوا۔ دھماکے کے وقت مسجد کے اندر 30 سے 40 نمازی موجود تھے۔ دھماکے کے وقت مسجد کی چھت گر گئی، جس کے ملبے تلے دب کر کئی افراد زخمی ہوئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں۔ ریسکیو 1122 کی 6 ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل آپریشنل سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ علاوہ ازیں کوہاٹ کی 2 ایمبولینسز بھی راستے میں ہیں جو جائے حادثہ کی طرف روانہ کردی گئی ہیں۔ نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے دھماکے سے متعلق پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر امدادی کارروائیوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کے حکام خود اپنی نگرانی میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے ہنگو کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں