حکومت کاعمران خان کی منظرعام پرآنے والی مبینہ آڈیو گفتگوکی فرانزک کافیصلہ
شیئر کریں
وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ خان نے سابق وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مبینہ امریکی سائفر کے معاملے پر تحقیقات کیلئے باضابطہ طورپر سپریم کورٹ کو درخواست دیں، سابق وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو طلب کیا جائے، حکومت امریکی سازش کا پلان بنانے سے متعلق عمران خان اور اعظم خان کے درمیان گفتگو کی منظرعام پر آنے والی آڈیو کی فرانزک چھان بین کروائے گی، عمران خان فتنہ ہیں ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے ، سیاسی طورپر اسے ختم نہ کیا گیا تو ملک و قوم کو نقصان پہنچاتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر متذکرہ شخصیا ت کی لیک ہونے والی آڈیو سنوائی گئی۔ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ عمران خان قوم پر عیاں ہوگئے ہیں اور جو لوگ اس فتنے کی وجہ سے گمراہی کا شکار ہوگئے انہیں بھی آہستہ آہستہ عمران خان کے غیر ملکی آقائوں کے ایجنڈے کو سمجھنا شروع ہوگئے ہیں۔ عمران خان کا بیانیہ ملک و قوم کیلئے نقصان دہ ہے قوم کو تقسیم کررہا ہے فتنے کے بیانیے کی بنیاد جھوٹ، فراڈ پر مبنی ہے۔ قوم کو اس فتنے کی شناخت کرنی چاہیے ورنہ یہ فتنہ ملک و قوم کو کسی بھی حادثے سے دوچار کرسکتا ہے ۔ ایک وائس چانسلر بھی اس فتنہ گری میں ملوث ہے اور نوجوان نسل کے ذہنوں میں زہر گھولنے کیلئے اس فتنے کو اپنے ہاں بلوایا۔ ہم آئینی طریقے سے آئے اور جس امریکی سازش کا دعویٰ کیا جاتا تھا اس حوالے سے فتنے کی ہنڈیاں بیچ چوراہے پھوٹ گئی ہے۔ وسیع پیمانے پر یہ ویڈیو وائرل ہورہی ہے قوم کے سامنے فراڈیے، احمق اور فتنہ گھر کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔ یہ آڈیو سائفر کی سازشی کہانی کا پارٹ ون ہے اس میں عمران خان اور ان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان گفتگو کررہے ہیں کہ امریکہ کا نام نہیں لینا اور معاملے سے کھیلنا ہے۔ فتنے کے اندر کا گند سامنے آگیا ہے اور یہ بات اس وقت بھی واضح ہوگئی جب عمران خان کے منہ سے نکل گیا کہ اسلام آباد پر آخری واردات کرنے آرہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس میں عمران خان اور اعظم خان کی گفتگو کے مندرجات پڑھ کر بھی سنائے اور کہاکہ سرکاری سطح پر اجلاس کے منٹس تبدیل کیے گئے پونے چار سالوں میں پاکستان کا سیاسی کلچر تباہ کرتے ہوئے اسے تنہائی کا شکار کردیا اور بھارت نے کشمیر کو ہڑپ کرلیا۔ عمران خان نے پاکستان کو معاشی، اخلاقی، سیاسی، سماجی طورپر ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔ انہی کرتوتوں کی وجہ سے اتحادی اس کیخلاف ہوگئے اور ہماری حکومت قائم کرنے کیلئے ساتھ دیا۔ امریکی سازش کا بیانیہ جھوٹ اور فراڈ پر مبنی ہے۔ یہ بے شرم انسان ہے۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ مبینہ امریکی سائفر کی تحقیقات کیلئے عمران خان باضابطہ طورپر سپریم کورٹ کو درخواست دیں ۔ اعظم خان کو طلب کیا جائے ۔ ریاست کا مفاد وابستہ ہے عمران خان نے خود کہا تھا کہ سپریم کورٹ کمیشن قائم کرے اب وہ درخواست کیوں نہیں دیتے کہیں ان کے مکروہ چہرے کی شناخت نہ ہوجائے۔