ملک میں ٹیکنوکریٹ حکومت کی کوئی گنجائش نہیں، ایسی باتیں کرنا غداری ہے، گورنر سندھ
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندہ محمد زبیر نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کے تحت ملک میں ٹیکنو کریٹ حکومت کی گنجائش نہیں ہے، ایسی باتیں کرنا ملک سے غداری ہے، سسٹم ڈی ریل نہیں ہونا چاہیے اسے چلتے رہنا چاہیے۔ یہ بات کراچی گورنر ہائوس میں اقتصادی رپورٹنگ کرنے والے (کامرس رپورٹرز) صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، محمد زبیرنے کہاکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے برآمد کنندگان کے ریفنڈ فوری جاری کرنے کے احکامات دیدیے ہیں ملک میں سرمایہ کاری اس وقت بڑھے گی جب تاجروں کا ریفنڈ کا معاملہ حل ہوگا، حکومت کا ریونیو 4 سال میں 1900 سے بڑھ کر 3500 ارب ہوگیا ایسے میں تاجروں کے ریفنڈ روکنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ بہاریوں کے قومی شناختی کارڈ کے اجراء میں رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا، اس مسئلے کے حل کیلئے اعلیٰ حکام سے وہ بات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار تحریکِ محصورین مشرقی پاکستان کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) صلاح الدین کی قیادت میں ان سے ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں حسن امام صدیقی ، اسماعیل ابراہیم آٹیہ، پروفیسر کفیل احمد، حیدر علی حیدر ، بلقیس اسلام، عمارہ ملک اور نو ر الہدیٰ شامل تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 1971ء کی جنگ میں ملک کی بقاء کیلئے محصور پاکستانیوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ کا حصول ہر پاکستانی کا حق کا ہے اس حق سے انہیں کوئی محروم نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی شناختی کارڈ کے حوالے سے اسلام آباد کے اعلیٰ حکام سے رابطے میں ہیں جلدہی اس مسئلے کا حل نکال لیا جائے گا۔ گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ وفاقی حکومت حیدر آباد میں جامعہ تعمیر کرے گی، جبکہ کراچی یونیورسٹی میں میڈیکل کالج بھی قائم کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہارگزشتہ روزاین ای ڈی نیورسٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے قیام کی15ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنرسندھ نے کہاکہ اعلیٰ تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جامعات کی ترقی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کا کردارنہایت اہمیت کا حامل ہے اس ادارے کی نمایاں خدمات میں جامعات کے شعبہ جات، طالب علموں کی تعداد اور پی ایچ ڈی فیکلٹی میں اضافہ قابلِ تحسین ہے۔ اس موقع پر معروف گلوکار شہزاد رائے کی آمد پر ان کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے گورنر سندھ نے ان کے لیے اعزازی ڈگری کی سفارش بھی کی۔