پی پی رہنمائوں کو پریشان کرنے کے لیے جھوٹے مقدمات بنائے گئے، ناصر شاہ
شیئر کریں
سکھر (بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ نیب عدالت کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کو کرپشن کیس سے بری قرار د ینے سے ثابت ہو گیا کہ پی پی قیادت کبھی بھی کرپشن میں ملوث نہیں رہی اور ان کے اوپر ہمیشہ جھوٹے کیسز درج کر کے انہیں پریشان کرنے کی سازش کی گئی ہے، مگرشہید رانی بینظیربھٹو اور آصف علی زرداری نے ملک کے عوام کو کبھی بھی اکیلا نہیں چھوڑا اور جمہوریت کے لیے بڑی قربانیا ں دیں اور جیلیں کاٹیں۔ ان خیالات کا اظہار صالح پٹ کے قریب گاؤں بار گاہ میں عاشق حسین شاہ بارگاہی سے ان کے چچا کے انتقال پر تعزیت کرنے اور روہڑی میں اپنی رہائش گاہ پر کارکنان کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا، صوبائی وزیر محکمہ اطلاعات نے کہا کہ تنقید اور سازشیں کرنے والوں کو 2018کے الیکشن میں معلوم ہوجائیگا کہ شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو کی پارٹی ملک کی سب سے بڑی پارٹی ہے بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پنجاب اور دیگر صوبوں میں جلسے کرنے کے بعد پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے اور پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کے آئندہ انتخابات میں بشمول پنجاب پورے ملک سے اکثریت حاصل کر یگی، بلاول بھٹو زرداری وزیر اعظم بنیں گے بعدازاں صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے سکھر میں پشتون اتحاد سماجی تنظیم کے صدر حاجی نادر خان ترین کے انتقال پر ان کے ورثا ایوب ترین ، مولوی خان محمد اور دیگر سے تعزیت کی۔