میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
لوڈشیڈنگ کیخلاف کراچی کی سڑکوں پر ،جگہ جگہ احتجاج

لوڈشیڈنگ کیخلاف کراچی کی سڑکوں پر ،جگہ جگہ احتجاج

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۹ جون ۲۰۲۲

شیئر کریں

کراچی کے علاقے لیاری ،مچھر کالونی ،پی آئی بی کالونی ،ابوالحسن اصفہانی روڈسمیت میں بجلی کی طویل دورانیے کی غیر اعلانیہ بندش کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج منگل کو دوسرے روز بھی جاری رہا، کراچی کے علاقے صدر میں کے الیکٹرک کے خلاف تاجر برادری نے احتجاج کیا اور احتجاجا کے الیکٹرک کے بل جلا دیے۔تاجر برادری نے کہاکہ لاکھوں کا بل ادا کرتے ہیں اس کے باوجود لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے،ماری پورمیں احتجاج کے دوران لاٹھی لگنے سے زخمی خاتون دوران علاج دم توڑ گئیں۔پولیس کے ایکشن اور ماڑی پور روڈ کھلوائے جانے کے باوجود ٹریفک مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکی ہے۔پولیس کے مطابق شہر کے دیگر علاقوں کی طرح لیاری میں بھی بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری ہے۔اس گنجان آبادی کے مکین گزشتہ شام احتجاج کرتے ہوئے ماڑی پور روڈ پر نکل آئے تھے، احتجاج کے دوران ماڑی پور روڈ کے دونوں طرف کا ٹریفک بند ہوگیا تھا۔یہ احتجاج گزشتہ رات بھی وقفے وقفے سے جاری رہا تاہم منگل کی صبح پولیس نے پھر کارروائی کرکے متعدد مظاہرین کو حراست میں لیا۔پولیس کی جانب سے متعدد بار ماڑی پور روڈ پر مظاہرین کو ہٹانے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی۔صبح سے منگل کی دوپہر تک ماڑی پور روڈ پر ٹریفک کو متعدد بار بحال کیا گیا مگر مظاہرین گلیوں سے نکل کر احتجاج کرتے اور ٹریفک معطل کرتے رہے۔صورت حال اس قدر کشیدہ تھی کہ رینجرز کو بھی علاقے میں طلب کیا گیا مگر کوئی خاص ایکشن دیکھنے میں نہیں آیا۔اطلاعات کے مطابق ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے شہریوں سے لوٹ مار کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور متعدد گاڑیوں کی چابیاں مشتعل مظاہرین نکال کر لے گئے۔بعض مقامات پر پولیس کی شیلنگ کے جواب میں مشتعل مظاہرین وہی شیل اٹھا کر پولیس پر پھینکتے ہوئے بھی دکھائی دیئے۔پولیس کے مطابق احتجاج کرنے والے 4 افراد کو حراست میں لے کر کلری تھانہ منتقل کیا گیا ہے جبکہ ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے متعدد بڑی چھوٹی گاڑیوں کا فیول بھی ختم ہوگیا۔ماڑی پور روڈ پر احتجاج کے دوران لاٹھی چارج کا ڈنڈا لگنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔ایدھی ویلفیئر ترجمان کے مطابق احتجاج کرنے والوں پر لاٹھی چارج کے دوران ڈنڈا لگنے سے احتجاج میں شریک 60 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی۔ خاتون کی میراں بی بی زوجہ عبدالکریم کے نام سے شناخت ہوئی ہے، خاتون ڈنڈے لگنے سے زخمی ہوئی تھی جسے فوری طور پر قریب ہی واقع لیاری جنرل اسپتال منتقل کیا گیا تاہم پولیس کے مطابق علاج کے دوران خاتون چل بسی۔دوسری جانب ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ دھرنے کے دوران کسی خاتون کا زخمی ہونے کے باعث انتقال نہیں ہوا۔ایس ایس پی سٹی نے بتایا کہ خاتون کی عمر 70 سال تھی اور اس کا انتقال طبعی طور پر ہوا ہے، مرحومہ کے لواحقین سے پوسٹ مارٹم کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ علاقے کی بجلی پچھلے 12 گھنٹے سے بند ہے، جبکہ مظاہرین کامطالبہ ہے کہ خاتون کی موت کا مقدمہ کے ای کیخلاف درج کیا جائے۔ملک کو کراچی کی بندرگاہ سے ملانے والے اہم شاہراہ پر ٹریفک بند ہونے کی وجہ سے نادرن بائی پاس حب ریور روڈ شیر شاہ اور دیگر مقامات پر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی گئی ہیں۔مائی کلاچی بائی پاس اور مولوی تمیز الدین خان روڈ پر بھی ٹریفک جام ہے۔کراچی بندرگاہ سے بھی گزشتہ شام سے سامان کی ترسیل نہیں ہوسکی ہے، ملک کے مختلف علاقوں سے شپمنٹ کے لیے بندرگاہ بھیجا گیا سامان بھی تاخیر کا شکار ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں