موجودہ حالات کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور نون لیگ ہیں ، شبلی فراز
شیئر کریں
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے موجودہ حالات کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو لوٹ کر اربوں روپے کی جائیدادیں بنائیں،اقتدار میں آکر صرف اپنے کاروبار کو فروغ دیا، اپوزیشن ملک و قوم کے ساتھ سنجیدہ نہیں ، اپوزیشن کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ ہے ،تحریک انصاف پوری طرح متحد ہے اور بجٹ بھی پاس کرائیں گے ، اپوزیشن اپنی کرپشن چھپانے کیلئے بے تاب ہو رہی ہے ۔ اتوار کو پریس کلبز کی مالی معاونت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ صحافیوں اور پریس کلبز کی مالی معاونت وزیراعظم کی دیرینہ خواہش ہے ،صحافی برادری کا ملک کی تعمیر وترقی کی اہم کردار ہے ۔شبلی فرازنے کہاکہ میں خود لکھاری خاندان سے تعلق رکھتا ہوں اس لیے صحافی میرے دل کے زیادہ قریب ہیں، ڈاکٹرز ،طبی عملہ اور صحافی بھی قوم کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ انہوںنے کہاکہ محدود وسائل کے باوجود صحافیوں کومعاشی تحفظ دینے کیلئے کوشاں ہیں،حکومت آزاد ی صحافت پریقین رکھتی ہے ۔شبلی فراز نے کہاکہ آئندہ بھی صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کوششیں کرتے رہیں گے ۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ صحافیوں اور پریس کلبز کی مالی معاونت حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں آج جو حالات ہیں ان کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہے ،اپوزیشن ملک و قوم کے ساتھ سنجیدہ نہیں۔انہوںنے کہاکہ اربوں کی جائیدادیں بنانے والے غریبوں کا رونا رو رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کی ثابت قدمی نے ملک و قوم کے عالمی تشخص کو بحال کیا۔ سینیٹر شبلی فرازنے کہاکہ اپوزیشن کو غریب عوام سے کوئی ہمدردی اور دلچسپی نہیں۔سینیٹر شبلی فرازنے کہاکہ مشکلات کے اس دور میں الیکشن کی باتیں کرنا اپوزیشن کو زیب نہیں دیتا،وزیراعظم عمرا ن خان اس ملک کے نجات دہندہ ہیں۔سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ تحریک انصاف پوری طرح متحد ہے اور بجٹ بھی پاس کرائیں گے ،اپوزیشن اپنی کرپشن چھپانے کیلئے بے تاب ہو رہی ہے۔