میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی میں بھی عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی

کراچی میں بھی عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۹ جون ۲۰۱۷

شیئر کریں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی، دن کا آغاز ملک کی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا شہر میں تین ہزار سے زائد مساجد وامام بارگاہوں عید گاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے روح پر ور اجتماعات منعقد ہوئے جن میں لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی، دن کا آغاز عید کے خصوصی خطبات سے کیا گیا جن میں امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پرزور دیا گیا اور ملکی ترقی و خوشحالی کی خصوصی دعائیں کی گئیں، علماء کرام نے عیدالفطر کے اجتماعات میں عیدالفطر کی اہمیت کو اجاگر کیا اور معاشر ے کے غریب و مستحق طبقات کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا،نماز کی ادائیگی کے بعد علماء کرام نے پاکستان کی سلامتی واستحکام امت مسلمہ کی سر بلندی دہشت گردی کے خاتمے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی کامیابی امن و امان کی بحال اور قدرتی آفات سے نجات کے لیے اور سانحہ بہاولپورو حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں جاں بحق افراد کی مغفرت کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی، کراچی میں عید الفطر کی نماز کا مرکزی اجتماع باغ جناح پولو گراونڈ میں ہوا جہاں گورنر سندھ محمد زبیرڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ سمیت اعلیٰ حکام اور اسلامی ممالک کے سفارتکاروں نے نماز عید ادا کی، جبکہ عید الفطر کے بڑے اور قابل ذکر اجتماعات ناظم آباد عید گاہ گرائونڈ نیشنل اسٹیڈیم نشتر پارک آرام باغ فیضان مدینہ نیو میمن مسجد دار العلوم کراچی ریلوے سٹی گرائونڈ عید گاہ مسجدجامع کلاتھ مارکیٹ باغ جناح پولوگرائونڈمحفل شاہ خراساں کنزالایمان سبیل والی مسجد عید گاہ ناظم آباد جناح گراؤنڈ مسجد خیر العمل اور دیگر مقامات پر ہوئے۔ اس موقع پر لاکھوں فرزندان اسلام بارگاہ الٰہی میں سربسجود ہوئے شہری انتظامیہ کے اعلیٰ افسرا ن نے باغ جناح میں عید کی نماز ادا کی، عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع ناظم آباد عید گاہ گرائونڈ میں منعقد ہواجہاں ہزاروں افراد نے نماز عید کی ادائیگی کی، عیدالفطر کے موقع پرکراچی میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں عیدگاہوں اور مساجد میں نماز عید کے سیکڑوں اجتماعات کیلئے مساجد اور عیدگاہوں کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری اس موقع پر تعینات رہی، جبکہ بڑی عیدگاہوں پر نمازیوں کو واک تھرو گیٹس سے اندر جانے کی اجازت دی گئی، عیدالفطر کے موقع پر اہم عوامی مقامات تفریح گاہوں اور پارکوں کے باہر بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی، عیدالفطر کی ادائیگی کے موقع پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور مختلف چوک چوراہوں اور عیدگاہوں اور تجارتی مراکز کے گرد و نواح سیکورٹی انتہائی چوکس تھی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں