آرمی چیف خرابی موسم کے باعث پارا چنار نہ جاسکے، عید جوانوں کے ساتھ منائی
شیئر کریں
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے عید کا دن پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ گزارا جبکہ پارا چنار کا دورہ موسم کی خرابی کے باعث نہ کرسکے، تاہم آرمی چیف نے ملک میں مذہبی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے علماء کرام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید کے دوسرے دن پارا چنار میں ہونے والے دھماکوں میں شہید افراد کے لواحقین سے ملنے کا اعلان کیا تھا، لیکن موسم کی خرابی کے سبب وہ پارا چنار پہنچ نہ سکے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق موسم کی خرابی کے سبب آرمی چیف کا ہیلی کاپٹر پارا چنار میں لینڈنہیں کرسکا، موسم ٹھیک ہوتے ہی آرمی چیف دوبارہ پارا چنار روانہ ہوں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ فوجی حکام پارا چنار واقعے کے لواحقین سے رابطے میں ہیں۔ قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ کا کہنا تھا کہ بطور پاکستانی اور مسلمان ہم سب متحد ہیں دشمن کی فرقہ وارانہ بنیادوں پر ٹارگٹ کرنے کی سازش ناکام ہوگی، دہشت گردی پھیلانے کی دشمن کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔