عمران این آر اوکیلئے انٹرنیشنل لابی سے رابطے میں ہیں ، فرار نہیں ہونے دینگے : شرجیل میمن
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر شرجیل میمن کاکہنا ہے عمران خان انٹرنیشنل لابی سے رابطے میں ہیں اور این آراوحاصل کرنا چاہتے ہیں، ان کو ملک سے فرار ہونے نہیں دینگے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیوایم اپنی پارٹی کے اختلافات کی وجہ سے سندھ حکومت پر تنقید نہ کرے بلکہ اپنے اختلافات پارٹی کے اندر نمٹائے، جب وزیراعلیٰ سندھ نے مردم شماری کا مسئلہ اٹھایا تھا اس وقت یہ لوگ سورہے تھے۔رہنما پی پی پی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے پورے سندھ کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی، اور سب سے زیادہ ترقیاتی فنڈز کراچی کیلئے جاری ہوئے، اس شہر میں علاج کی بہترین سہولیات موجود ہیں، سندھ بھر سے لوگ علاج کرانے یہاں آتے ہیں۔صوبائی وزیر نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے وفاقی حکومت سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے، جب کہ ان کی مذاکراتی کمیٹی روپوش ہے، بلاول بھٹوزرداری کہہ چکے ہیں کہ عمران خان پہلے قوم سے معافی مانگیں پھر مذاکرات ہوں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان پہلے تو کہتے تھے مر جاؤں گا ڈاکوؤں سے مذاکرات نہیں کروں گا، آج مذاکرات کیلئے کیوں بھیک مانگ رہے ہیں۔