سندھ حکومت سے وزارت دفاع کیلئے مختص کوٹے کے پلاٹوں کی تفصیلات طلب
شیئر کریں
( رپورٹ :عقیل احمد ) فوجی حکام نے حکومت سندھ سے وزارت دفاع کے لئے مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز میں وزارت دفاع کے لئے مختص پانچ فیصد کوٹہ کے تحت پلاٹوں کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ فوجی حکام کی جانب سے سیکریٹری محکمہ بلدیات کو دو صفحات پر مشتمل ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس کی نقول ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے ، ڈائریکٹر لینڈ مئنجمنٹ ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی ، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مئنجمنٹ کے ڈی اے ، ڈائریکٹر لینڈ مئنجمنٹ ( نیو اسکیمز سیل ) کے ڈی اے ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ مئنجمنٹ شاہ لطیف ٹاؤن اسکیم 25 اے اور سیکریٹری ڈسٹرکٹ ہاؤسنگ کمیٹی گلشن اقبال سکھر کو ارسال کی گئی ہیں۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ان کے تحت جتنی بھی ہاؤسنگ سوسائٹیز موجود ہیں ان میں وزارت دفاع کے لئے مختص پلاٹوں کے پانچ فیصد کوٹہ میں باقی کتنے پلاٹ بچ گئے ہیں، ان کا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔ مراسلہ میں ایک پروفارما بھی جاری کیا گیا ہے جس کو تفصیلات کے ساتھ مکمل کرکے اعلیٰ فوجی حکام کو ارسال کرنے کی گزارش کی گئی ہیں جس میں پوچھا گیا ہے کہ ان کی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں وزارت دفاع کے پانچ فیصد کوٹہ کے تحت کتنے پلاٹ ہیں جن میں تین ساڑھے تین مرلہ ، پانچ مرلہ ، سات مرلہ ، دس مرلہ ، ایک کنال کے کتنے پلاٹ ہیں ان کا موجودہ اسٹیٹس کیا ہے، کیا وہ کلیئر ہیں یا ان پر عدالتوں میں کوئی مقدمہ چل رہا ہے۔ موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق ان پلاٹوں کی کتنی قیمت ہے، سوسائٹیز سے جلد تفصیلات بھیجنے کی استدعا کی گئی ہے۔