اقوام متحدہ میں اسرائیل کیخلاف پاکستانی قراردادمنظور
شیئر کریں
اقوام متحدہ نے غزہ جنگ میں جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے اسرائیل کے خلاف پاکستان کی قرارداد منظور کرلی۔میڈیارپورٹس کے مطابق جینوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا اجلاس ہوا جس میں غزہ کے علاقے میں اسرائیلی بمباری کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم سے متعلق عالمی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کرنے کی قرارداد کو منظور کرلیا گیا، قراداد میں کہا گیا کہ مستقل آزادانہ تحقیقاتی کمیشن قائم کیا جائے گا جو 11 روز تک جاری رہنے والی اسرائیلی بمباری اور حماس کے میزائل حملوں کے دوران غزہ، مغربی کنارے، مقبوضہ بیت المقدس اور اسرائیل میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیکر رپورٹ مرتب کرے گا۔اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں آزادانہ تحقیقاتی کمیشن کے قیام کی قرارداد اسلامی ممالک کی تنظیم(او آئی سی)کے توسط سے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی تھی جس کے حق میں 24 ووٹ دیے گئے اور مخالفت میں صرف 9 ووٹ آئے جب کہ بھارت سمیت دیگر 14 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔دوسری جانب اسرائیلی نے روائیتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر اقوام متحدہ کی قرارداد کو مسترد کرتے ہوئے تعاون نہ کرنے کا اعلان کیا ، اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ شرمناک فیصلہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کی اسرائیل مخالف اقدام کی ایک اور واضح مثال ہے۔امریکا نے بھی اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کی تحقیقاتی کمیشن سے متعلق قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے خطے میں اب تک امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ادھراسرائیلی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل ایلون یوشپز نے طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی حقوق کاچیمپیئن پاکستان عملی طور پر خود ایک شیشے کے محل میں رہتا ہے۔ایلون یوشپز نے پاکستان وزارت خارجہ کے مقبوضہ فلسطینی علاقے بشمول مشرقی یروشلم میں انسانی حقوق کی خوفناک صورتحال پر اقوام متحد کے انسانی حقوق کمیشن کے خصوصی اجلاس کے حوالے سے سرکاری ٹویٹ کو ری شیئر کیا۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل نے لکھا کہ انسانی حقوق کا چیمپیئن پاکستان، جو عملی طور پر شیشے کے محل میں رہتا ہے، مشرق وسطی کی واحد جمہوریت(اسرائیل)کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے خصوصی سیشن میں (انسانی حقوق کی)تبلیغ کر رہا ہے۔ یہ منافقت کی بہترین مثال ہے۔انہوں نے اپنی ٹویٹ میں امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے سنہ 2020 میں جاری کردہ ایک رپورٹ کا لنک بھی دیا، یہ رپورٹ پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال سے متعلق ہے۔ایلون یوشپز کے ٹوئٹ کو زیادہ تر ایسے اکائونٹس نے ری ٹویٹ کیا گیا جو بظاہر بھارتی لگتے ہیں لیکن ایک پاکستانی بھی ہیں جنہوں نے اس طنزیہ ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا۔ پاکستانی یہودی فیشل بین خلد نے بھی اس کو ری ٹویٹ کیا ہے۔