میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سعودی ولی عہد کی دعوت ،وزیراعظم کامدینہ منورہ پہنچنے پرپرتپاک استقبال

سعودی ولی عہد کی دعوت ،وزیراعظم کامدینہ منورہ پہنچنے پرپرتپاک استقبال

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۹ اپریل ۲۰۲۲

شیئر کریں

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہبازشریف سعودی عرب کے تین روزہ اعلی سطحی سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے ۔گورنر مدینہ فیصل بن سلمان آل سعود نے اعلی سعودی حکام کے ہمراہ ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔وفاقی وزراء بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہزین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ محمدآصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں موجود تھے ،منصب وزارت عظمی سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی و تجارتی روابط کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دیں گے، اور عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔اس موقع پر دونوں دوست ممالک باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔پاکستان اور سعودی عرب برادرانہ تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں جو باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کی لازوال روایت پر مبنی ہیں۔ پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے متولی کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں