شادی تقریبات پر 5 اپریل سے مکمل پابندی کا فیصلہ
شیئر کریں
این سی او سی اجلاس میں کورونا کے ملک بھر میں تیزی سے پھیلائو پر شدید تشویش کا اظہار، وبا پر قابو پانے کیلئے 5 اپریل سے شادی کی تقریبات پر ان ڈور اور آؤٹ ڈور مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی حکمت عملی بھی طے کی گئی۔ اجلاس میں 5 اپریل سے شادی کی تقریبات پر ان ڈور اور آؤٹ ڈور مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اجتماعات میں تمام سماجی، ثقافتی، سیاسی اور کھیلوں کی سرگرمیاں شامل ہیں۔ صوبوں کواین سی اوسی کی جانب سے ویکسی نیشن کے ٹارگٹس پورے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ویکسی نیشن کیلئے درست اور بروقت ڈیٹا کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی کہا گیا ہے۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ سے متعلق حتمی فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ ادھر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر حکام نے ایکشن لے لیا، ماسک نہ پہننے پر لاہور میں پہلا مقدمہ درج کر لیا گیا، اسلام پورہ، کریم پارک اور شاد باغ سے 30 افراد گرفتار، بغیر ماسک سواریاں بٹھانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی بھی پکڑ دھکڑ شروع کر دی گئی۔