پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی
شیئر کریں
خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 8 کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان میں وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1504 تک پہنچ گئی ہے ،جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہے اور 31افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز رات 12 بجے تک ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1496 تھی تاہم کے پی میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد یہ تعداد 1500 سے تجاوز کر چکی ہے ۔کے پی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے بھی صوبے میں 8 نئے کیسز کی تصدیق کر دی ہے جس کے بعد صوبے میں مصدقہ کیسز کی تعداد 188 تک پہنچ گئی ہے ۔چند روز قبل لوئر دیر کے علاقے مدینہ آباد زیارت تالاش گاؤں کی خاتون کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو گئی تھی جس کی تصدیق گزشتہ روز کی گئی تھی۔اسسٹنٹ کمشنر تیمر گرہ کے مطابق ایک روز قبل کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد پورے زیارت تالاش گاؤں کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا تھا۔کورونا وائرس سے خیبرپختونخوا میں اب تک 4 اموات ہو چکی ہیں ،پنجاب میں 5، بلوچستان، سندھ اور گلگت میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہو چکی ہے ۔ہفتے کے روز پاکستان میں کورونا وائرس کے 123 نئے کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے سندھ میں 29، اسلام آباد میں 12، گلگت میں 8، پنجاب میں 67 اور بلوچستان میں 7 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی تھی ۔ پاکستان میں مہلک وائرس سے متاثرہ 31 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، 5 کا پنجاب سے ہے جبکہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے بھی 2، 2 افراد صحت مند ہو چکے ہیں۔