( ن)لیگ آفس جلانے کا کیس، صنم جاوید کی ضمانت منظور
جرات ڈیسک
پیر, ۲۹ جنوری ۲۰۲۴
شیئر کریں
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مسلم لیگ( ن) آفس جلانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید چدھڑ نے صنم جاوید اور محمد تنویر کی بعدازگرفتاری ضمانت پر فیصلہ سنایا۔ وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزمہ صنم جاوید کو چھ ماہ بعد اس مقدمہ میں ملوث کیا گیا، ڈپٹی پراسیکیوٹر عبد الجبار ڈوگر نے ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزمہ صنم جاوید نے عوام کو جلا ئوگھیرائو پر اکسایا ، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید چدھڑ نے فیصلہ سناتے ہوئے صنم جاوید اورمحمد تنویر کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ واضح رہے کہ تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس نے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کیخلاف مسلم لیگ ن کا دفتر جلانے کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔