پی ٹی آئی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف نے پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ عوام پر ایک اور پیٹرول بم گرادیا گیا ہے، مستقبل میں مزید مہنگائی کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسحق دار نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35، 35 روپے فی لیٹر ،مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18، 18 روپے فی لیٹر کا اضافہ کا اعلان کیا ہے جس کے ردعمل میں تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ، نااہل امپورٹڈ سرکار کے ہاتھوں معیشت کی بدانتظامی کا یہ عالم ہے کہ اس نے ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں تازہ اضافے اور 33روپے کی کمی کے ساتھ ڈالرکو 262.6 روپے پر پہنچا کر عوام اور تنخواہ دار طبقے کو کچل ڈالاہے۔انہوں نے کہا کہ اب 200 ارب روپے کے منی بجٹ کے ساتھ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور 35 فیصد تک مہنگائی کی غیرمعمولی شرح بھی متوقع ہے۔اپنے بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ملک پہلے ہی معاشی تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے ،آج عوام ان امپورٹڈ حکمرانوں کے ہاتھوں مزید بوجھ تلے آگئے۔ انہوںنے کہاکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر35 روپے اضافہ انکی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عوام کب تک انکی نااہلی کی قیمت ادا کریں گے؟،کیا اربابِ اختیار مزید تباہی کا انتظار کریں گے؟۔پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے کہا کہ پہلے ہی تاریخ کی بدترین مہنگائی سے عوام پریشان. ہیں، اللہ اس قوم پر رحم کرے اور اس عذاب سے نجات دلائے۔سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ پیٹرولیم لیوی اور سیلز ٹیکس بھی بڑھائیں گے، ابھی تو شروعات ہیں، مزید مہنگائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ان سے گیس کی قیمت میں بھی اضافہ کرائے گا، مہنگائی کا ایک ریلہ آئے گا،آئی ایم ایف تو اپنی شرائط منوائے گا، آئی ایم ایف کی شرائط باقی معیشت کا بیڑہ غرق کردیتی ہیں، مہنگائی تو کم نہیں ہوگی لیکن ڈیفالٹ کا رسک کم ہوجائے گا۔شوکت ترین نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ برآمدات بڑھائیں، آئی ایم ایف کسی ملک کا حل نہیں ہے، ہم باربار آئی ایم ایف کے پاس اس لئے جاتے ہیں کہ سخت فیصلے نہیں لیتے، ہم ایکسپورٹ بڑھارہے تھے، ریونیو بھی 30 فیصد بڑھ گیا تھا، یہ ہماری ڈگر پر چلتے رہتے تو حالات ایسے نہ رہتے۔سابق وزیرخزانہ نے کہا کہ یہ پھنس گئے ہیں،یہ تیاری کرکے نہیں آئے تھے، معیشت کو چلانا ان کا مقصد ہی نہیں تھا، اب تو برآمدات اور کم ہونا شروع ہوجائے گی، آئی ایم ایف ہماری مشکلات کا حل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے پیر پر کھڑے ہونا ہے، ہم معاشی ایجنڈے کی تیاری کررہے ہیں، اب ہم حکومت میں آئیں گے تو سخت فیصلے کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا کہ پی ڈی ایم نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی روپے کی ڈالر کے مقابلے میں قدر انتہائی کم پو چکی ہے، اس لئے تیل سمیت تمام امپورٹڈ اشیاء اب بہت زیادہ مہنگی پڑیں گی۔پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے ٹوئٹر پر کہا کہ سازشی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل 35 روپے فی لیٹر اضافے سے عوام پر ایک اور بم گرا ہے، کوئی تعجب نہیں کہ اسلام آباد میں پی ایس او کے علاوہ تمام پیٹرول اسٹیشن صبح سے بند تھے۔پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ شیخ رشید نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ مریم کے آنے کے پہلے روز 35 روپے پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کر کے سلامی دی گئی ہے، شہری اب سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔