میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سانحہ ساہیوال مقتولین کے لواحقین کو جان کا خطرہ، حکومت سے سکیورٹی مانگ لی

سانحہ ساہیوال مقتولین کے لواحقین کو جان کا خطرہ، حکومت سے سکیورٹی مانگ لی

ویب ڈیسک
منگل, ۲۹ جنوری ۲۰۱۹

شیئر کریں

سانحہ ساہیوال میں جاں بحق خلیل کے ورثا نے حکومت سے سکیورٹی مانگتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)اس معاملے کو الجھا رہا ہے اور پیٹی بند بھائیوں کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سانحہ ساہیوال میں جاں بحق مقتولین کے ورثاء کے وکیل شہباز بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی ڈیپارٹمنٹ اپنے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے کی کوشش کررہا ہے، خلیل کی فیملی کو دھمکیاں ملی ہیں انہیں تحفظ فراہم کیا جائے، سی ٹی ڈی کے اعلیٰ افسر نے مجھے بھی فون کرکے دھمکیاں دی ہیں۔

اس موقع پر شہباز بخاری نے 7 منٹ کی کال ریکارڈنگ بھی سنوائی جس میں کہا گیا کہ آپ سے ججز خوش نہیں ہیں، آپ کیس سے ہٹ جائیں۔مدعی جلیل کے وکیل شہباز بخاری نے کہا کہ جے آئی ٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی اعجاز شاہ کو اس معاملے سے آگاہ کیا تو انہوں نے کال کرنے والے افسر کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ ادارے کسی کی طرف داری نہیں کریں گے ۔

یہ چھوٹا سانحہ نہیں ہے، انٹیلی جنس اداروں نے بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ تفتیش میرٹ پر ہو گی۔وزیراعظم عمران خان کو وزراء سمیت مقتول فیملی کے لواحقین سے ملاقات کرنی چاہیے، قوم کو ان سے امید ہے۔

ورثاء کے وکیل نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مقدمے کی لاہور منتقلی کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے، جے آئی ٹی نے یقین دلایا ہے کہ سانحہ میں استعمال ہونے والے سرکاری اسلحہ سے متعلق کارروای کی جائے گی، اگر حساس ادارے نے معلومات دی تھیں تو اس کے مطلب یہ نہیں کہ بچوں پر گولیاں چلائی جائیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں