بہترین حکومت کو گھر بھیج کر جوکروں کو مسلط کر کے غلطی کی گئی،فواد چوہدری
شیئر کریں
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے موجودہ حکومت میں ملکی معیشت مکمل تباہ ہوگئی ہے،ملکی مسائل کے حل کیلئے الیکشن میں جانا پڑے گا۔حکومت تو اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن کرانے کو بھی تیار نہیں۔فیصلے کرنے والے پاکستان پر تجربے کرنا بند کریں۔ تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہو رہی اور ملک میں مارچ،اپریل میں الیکشن کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔آئی ایم ایف پروگرام نہ لیا گیا تو ملک ڈیفالٹ کر جائے گا،عمران خان کے بغیر ملکی سیاست بانجھ ہے،بہترین حکومت کو گھر بھیج کر جوکروں کو مسلط کر کے غلطی کی گئی۔اب بات چل رہی ہے کہ ٹیکنوکریٹ حکومت لائی جا رہی ہے۔ ٹیکنوکریٹ حکومت کو ہرگز قبول نہیں کریں گے اور آئین سے باہر قدم کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی، افغانستان میں حالات خراب ہوں گے تو اس کا اثر پاکستان پر بھی ہوگا اور ہر کسی سے لڑا نہیں جا سکتا اگر آپ کسی پر میزائل اور بم ماریں گے تو اس کا جواب بھی ملے گا اور ہر کوئی تحریک انصاف جیسا شریف نہیں، جن کے پاس اسلحہ ہوگا وہ استعمال کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ آٹھ ماہ کی حکومت میں پہلے ڈالر نہیں مل رہا تھا اور اب سونا بھی نہیں مل رہا کیونکہ لوگ خرید رہے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ جس دن ہم استعفے دینے قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف کے پاس جانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو وہ وہاں سے فرار ہو جاتے ہیں اور اسپیکر نے تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی کے رہنما ملک عامر ڈوگر کو جمعرات کی رات آنے کہا اور پھر یہ بھی کہا کہ (آج)جمعرات کی رات انہیں آسٹریلیا جانا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت کے تمام وزیر، اراکین قومی اسمبلی اور اسپیکر بیرونی ممالک دوروں پر جاتے ہیں اور بیرونی دوروں پر جانے کو حکومت کا نام دیا ہوا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی میں 52 فیصد اضافہ ہوا ہے مگر حکومت کو پتا ہی نہیں جبکہ مارگلہ کی پہاڑیوں سے طالبان نے پارلیمان کی وڈیو بناکر کہا کہ ہم آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں حالات خراب ہوں گے تو اس کا اثر پاکستان پر بھی ہوگا اور ہر کسی سے لڑا نہیں جا سکتا اگر آپ کسی پر میزائل اور بم ماریں گے تو اس کا جواب بھی ملے گا اور ہر کوئی تحریک انصاف جیسا شریف نہیں، جن کے پاس اسلحہ ہوگا وہ استعمال کریں گے۔