میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
زرِمبادلہ کے ذخائر کم مگر ڈیفالٹ کا خطرہ بالکل نہیں، اسحاق ڈار

زرِمبادلہ کے ذخائر کم مگر ڈیفالٹ کا خطرہ بالکل نہیں، اسحاق ڈار

جرات ڈیسک
بدھ, ۲۸ دسمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا ڈیفالٹ ہونے کا کوئی چانس نہیں ، ثابت کر سکتا ہوں کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، یہ ماضی کا پاکستان نہیں، کیوں ڈیفالٹ کر جائے گا؟۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مشکل حالات ضرور ہیں لیکن پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، زرِمبادلہ کے ذخائر کم ہیں مگر ڈیفالٹ کا خطرہ بالکل نہیں، یہ ملک رہے گا، ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ لوگوں کو خوف میں مبتلا کر دیا گیا ہے جس کے بعد کوئی ڈالر تو کوئی سونا خرید رہا ہے، پاکستان بھنور میں آ چکا ہے، جس سے نکالنا ہے، سنگین مسائل ہیں لیکن ہمیں ان کا حل نکالنا ہے، پاکستان کے ڈیفالٹ کا رونا رونے والے کس کے لیے کام کر رہے ہیں؟ ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 2013 میں ادارے ایک ڈالر بھی نہیں دے رہے تھے، معاشی حالات انتہائی ابتر تھے، ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، کہا جا رہا تھا کہ الیکشن کے بعد 6 ماہ میں ملک ڈیفالٹ کر جائے گا، مگر ہم نے 3 سال میں معیشت کھڑی کر دی تھی۔ وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ سستی سیاست کے لیے ملک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، پاکستان کے خلاف غلیظ پروپیگنڈا روکنا ہے، سیاسی مقاصد کے لیے ایسی باتیں کرنا درست نہیں، ڈالر کی ہمسایہ ملک کو اسمگلنگ ایک بڑا مسئلہ ہے، ڈالر، گندم، کھاد کی اسمگلنگ روکنی ہے، جس کی ہدایت کر دی ہے، سرحدی علاقوں میں ڈالر کی اسمگلنگ کو روکنا ہو گا۔ان کا کہنا ہے کہ ہم پیرس کلب نہیں جائیں گے، بانڈ ادائیگی کی افواہیں چلیں لیکن وہ ادا کر دیا گیا، معیشت ٹھیک کرنے کی ذمہ داری لی ہے، کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنانا، پاکستان کی معیشت ٹھیک کریں گے۔وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے تاجروں اور صنعت کاروں سے کہا کہ اپنی تجاویز چیئرمین ایس ای سی پی کے پاس جمع کرائیں، آپ آئیڈیاز شیئر کرتے رہیں، ہم ان پر غور کریں گے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کے لیے ایف بی آر کی پالیسی کو بھی نرم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے ملکی معیشت کو بہتر سمت میں لے جایا جا سکتا ہے، دنیا کی پانچویں اسٹاک مارکیٹ اس وقت انتہائی مشکل میں ہے، خواہش ہے کہ اسٹاک مارکیٹ کا گولڈن دور واپس آئے۔ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی دورِ حکومت میں ایس ای سی پی پر توجہ نہیں دی گئی، سب سے پہلے اسٹاک ایکسچینج اور ایس ای سی پی پر فوکس کیا، شفاف طریقے سے کام کا آغاز کیا، 2 ویک اینڈز لگا کر تمام عمل مکمل کیا، ایس ای سی پی اور سبسڈی لا میں ترامیم کیں، ایس ای سی پی میں 3 ڈائریکٹرز نہیں تھے، شفافیت سے یہ مرحلہ طے کیا۔ان کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت میں بہتری کے لیے کوشاں ہیں، ہمیں کارپوریٹ سیکٹر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ملکی معیشت کی بہتری میں اسٹاک مارکیٹ کا کلیدی کردار ہے، ہمارے گزشتہ دور میں پاکستان سٹاک ایکسچینج جنوبی ایشیا کی بڑی مارکیٹ تھی، یقین ہے کہ پاکستان کا روشن مستقبل ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کاروباری طبقہ ملکی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑا ہے، گورنر اسٹیٹ بینک سے گزشتہ ہفتے ملاقات کی، درآمدی ادائیگیوں کے لیے اسٹیٹ بینک کی پیشگی شرط ختم کر دی ہے، پاکستان کا مستقبل شاندار ہے، ہماری بدقسمتی ہے کہ پاکستان کو وہاں لا کر کھڑا کیا ہے جو اس کا مقام نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈکٹیٹر آئی ایم ایف کا پروگرام پورا نہیں کر سکے، ن لیگ کی حکومت نے پروگرام پورا کیا تھا، شرحِ سود کا تعین اسٹیٹ بینک کرتا ہے، ترکیے میں بھی مہنگائی بلند ہے لیکن ان کی شرحِ سود 9 فیصد ہے، معیشت پر جو تجربے ہوئے ان کا میں جواب دہ نہیں ہوں، میں پاکستان کے ایشوز ہینڈل کر رہا ہوں۔وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ پوری دنیا کو مشکل معاشی حالات کا سامنا ہے، ملک کو سنگین مسائل سے نکالنے کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہو گا، حکومت اصلاحات کرتی ہے، کاروباری طبقہ بہتری کے لیے اقدامات کرتا ہے، ہماری اپنی کمزوریوں اور پالیسیوں کی وجہ سے ملک نیچے جاتا ہے، پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا روکنا ہو گا، ہم ایک ایک ارب ڈالر کے لیے بھاگ رہے ہیں، معیشت پر سیاست نہ کی جائے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں