میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شیروانیاں سلوانے والوں کو ناکامی ہوگی،وزیراعظم

شیروانیاں سلوانے والوں کو ناکامی ہوگی،وزیراعظم

منتظم
جمعرات, ۲۸ دسمبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ سیاست کے فیصلے عدالتوں میں نہیں ہوتے، انتشار و عدم استحکام سے ملک کو نقصان ہوا، الیکشن وقت پر ہوںگے، شیروانیاںسلوا کر غیر منتخب حکومت کا حصہ بننے اور شب خون مارنے کی خواہش رکھنے والوں کو ناکامی ہو گی، سیاسی استحکام ہوگا تو ملک ترقی کرے گا،ہم نے عدالت کے فیصلے قبول کیے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت صرف باتیں نہیں کرتی ، مشکلات گالیوں اور دھرنوں کے باوجود کام کرکے دکھایا، گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے اتنے 66سالوں میں نہیں ہوئے ،2030ء تک پاکستان کو بجلی کی پیداوار میں خود کفیل کردیا، ہزارہ موٹر وے کے افتتاح کا حق نواز شریف کاتھا، عوام اگلے عام انتخابات میں ہمیں ووٹ دیکر دوبارہ منتخب کرے گی۔وزیراعظم نے یہ بات بدھ کو ہزارہ موٹر وے کے برہان۔ شاہ مقصود سیکشن کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہزارہ میں موٹر وے کا افتتاح علاقے کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ منصوبے سے علاقے میں حقیقی معنوں میں ترقی اور انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کا کہیں وجود نہیں تھا نہ کسی نے اس کے بارے میں سنا تھا ،انہوں نے کہا کہ موٹروے بنانے کا فیصلہ نوازشریف نے کیا، یہ ان کا ویژن تھا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بہت کم ایسا ہوتاہے کہ ایک جماعت منصوبہ شروع کرے اور اسے مکمل بھی کرے۔ یہ اعزازصرف مسلم لیگ (ن) کو حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) صرف باتیں نہیں کام کرکے دکھاتی ہے۔ وزیراعظم نے این ایچ اے ، وزارت مواصلات ،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان سب کی کوششوں سے یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا ہے۔انہوں نے یہ معمولی منصوبہ نہیں، یہ 32، 34 ارب کا منصوبہ ہے اور علاقے کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہو گا۔انہوں نے کہاکہ پہاڑی علاقوں کے رہنے والے لوگ اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ سڑک ان کی زندگی میں کیا تبدیلی لاتی ہے۔اب مانسہرہ تک کے لوگ اپنے گھروں میں رہ کر اسلام آباد میں کاروبار اور ملازمت کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ موٹر وے کی بدولت علاقے میں صنعتیں آئیں گی۔کاروبار آئے گا اور پاکستان کے ایک کروڑ عوام کو اس منصوبے سے فائدہ ہو گا۔گلگت بلتستان بھی اس منصوبے سے فائدہ اٹھائے گا۔ انہوں نے کہاکہ رواں سال 15لاکھ سے زائد سیاحوں نے گلگت بلتستان کا رخ کیا اور آئندہ سال موسم گرما سے پہلے یہ منصوبہ مکمل ہونے سے سیاحوں کی تعداد 25، 30لاکھ تک جا پہنچے گی۔وزیر اعظم نے کہاکہ اس سے پورے علاقے کی قسمت بدلے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں