عمران خان کے تمام اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے اعلان پر سیاست میں نئی ہلچل
شیئر کریں
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے تمام اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد سیاست میں ایک نئی ہلچل پیدا ہو گئی ہے، پنجاب اسمبلی کو تحلیل ہونے سے روکنے کیلئے مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں کے درمیان اہم مشاورت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لیگی اراکین اسمبلی اوراتحادیوں کی اکثریت نے وزیراعلی پنجاب کے خلاف عدم اعتماد لانے کا مشورہ دے دیا ہے جبکہ بعض ارکان نے گورنر کی جانب سے وزیراعلی کو اعتماد کا ووٹ لینے کی رائے دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق عدم اعتماد کی صورت میں وزیراعلی کو اسمبلی سے186 ووٹ لیناہوں گے، تحریک عدم اعتماد یا اعتماد کے ووٹ لینے تک وزیراعلیٰ پنجاب فوری اسمبلی نہیں توڑسکتے۔ اس وقت پنجاب اسمبلی میں حکومتی اتحاد کے190 ارکان ہیں جن میں پی ٹی آئی کے 180 اور اتحادی (ق) لیگ کے10 ارکان ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد جمع کروا کر اپوزیشن جوڑ توڑ کرے گی جبکہ تحریک عدم اعتماد لانے کا حتمی فیصلہ مسلم لیگ (ن) اوراتحادیوں کی قیادت کرے گی ۔