میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری اور فریال تالپور جے آئی ٹی کے سامنے پیش

منی لانڈرنگ کیس، آصف زرداری اور فریال تالپور جے آئی ٹی کے سامنے پیش

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۸ نومبر ۲۰۱۸

شیئر کریں

سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپورمنی لانڈرنگ کیس میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔بلاول بھٹو جے آئی ٹی کے روبرو پیش نہیں ہوئے وہ اپنے وکیل کے ذریعے جے آئی ٹی کا سوال نامہ حاصل کریں گے۔تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے طلب کیا تھا جس پر دونوں رہنما فرداً فرداً پیش ہوئے۔ آصف زرداری سے جے آئی ٹی نے تفتیش کی۔ جے آئی ٹی، ایف آئی اے، نیب اور حساس اداروں کے حکام پر مشتمل ہے۔اس سے قبل آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور ایف آئی اے کے دفتر پہنچیں جہاں جے آئی ٹی نے ان سے ایک گھنٹے تک سوال جواب کیے۔جے آئی ٹی نے فریال تالپور سے چھ سوالات کے جواب مانگے تھے۔
فریال تالپور سے ایف آئی اے آفس میں ڈیڑھ گھنٹے تک تفتیش کی گئی ہے۔پیپلزپارٹی رہنما نے چھ سوالوں کے جواب ریکارڈ کرائے ، اس دوارن فاروق ایچ نائیک بھی ان کے ہمراہ تھے۔پیپلزلائرز فورم کے صدر قاضی بشیر احمد نے بتایا ہے کہ جے آئی ٹی نے بلاول بھٹو زرداری سے بھی سوالوں کے جواب طلب کیے ہیں لیکن چیئرمین کو ذاتی حیثیت میں طلب نہیں کیا گیا۔ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ زرداری میسرز گروپ کے اخراجات کی ادائیگی بے نامی اکاونٹ سی کی گئی ہے اور ڈائریکٹرز سے گروپ کے اکاؤنٹ کی تفصیلات سے متعلق سوالات کیے جائیں گے۔ فریال تالپور میگا منی لانڈرنگ اسکینڈل میں اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے بعد واپس روانہ ہوگئیں۔واضح رہے کہ ایف آئی اے نے 29 جعلی بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا تھا جن کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ اس کیس میں بہت بااثر شخصیات اور بعض بینکوں کے سربراہان کے نام سامنے آئے ہیں، جب کہ چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج حسین لوائی سمیت آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور اومنی گروپ کے مالک انور مجید سمیت کئی افراد زیر حراست ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں