سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد بحریہ ٹاؤن متاثرین بھی متحرک ہوگئے
شیئر کریں
(رپورٹ: شعیب مختار) سپریم کورٹ کا ایک ہفتے میں نسلہ ٹاور گرانے کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد بحریہ ٹاؤن میں مختلف پراجیکٹس میں جعلسازی کا سامنا کرنے والے بھی متحرک ہو گئے، آج کراچی رجسٹری کے سامنے بڑے احتجاج کو حتمی شکل دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے متاثرین نسلہ ٹاور کے مکینوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے حقوق کے حصول کے لیے آ ج سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں احتجاج کو یقینی بنائیں گے جس میں بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ کے عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد نہ کرنے سے متعلق متاثرین کی درخواست جلد منظور کرنے کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی جائے گی۔اس ضمن میں بحریہ ٹاؤن کے متاثرین کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے بحریہ ٹاؤن کے 4 مئی 2018 اور 3 مارچ 2019 کے عدالتی فیصلے پر عملدر آمد کے منتظر ہیں جسے تسلیم کرنے سے انتظامیہ مسلسل انکاری ہے۔ عدالت کا فیصلہ منظر عام پر آ نے کے بعد بھی ہم در بدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، جبکہ ہمارے اکثر و بیشتر ساتھی اس مافیا سے جنگ لڑے لڑتے موت کی ابدی نیند سو چکے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بحریہ ٹاؤن سے عدالتی حکم پر عملدر آمد کروانے کے لیے ایک اور اپیل 20 اکتوبر 2021 کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کروائی گئی ہے جسے سماعت کے لیے جلد منظور کرنے سے متعلق آج چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد سے استدعا کی جائے گی۔واضح رہے چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ایک ہفتے کے لیے اہم کیسوں کی سماعتوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت رواں ہفتے سپریم کورٹ نے کئی اہم فیصلے جاری کر دیے ہیں۔