مریم نواز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت منگل تک ملتوی
شیئر کریں
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف کی چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت آج (منگل)تک ملتوی کر دی۔ دوران سماعت بینچ کے ججز نے استفسار کیا کہ کیا مریم نواز اپنے والد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کر رہی ہیں ۔ اس پر مریم نواز کے وکیل نے بتایا کہ جیمریم نواز کو اپنے والد سے ملاقات کی اجازت دی گئی ہے ۔ دوران سماعت نیب نے مریم نواز کی درخواست پر جواب عدالت میں جمع کروا دیا۔ جسٹس علی باقر نجفی کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے وکلاء کچھ دیر میں تیاری کر کے آجائیں ہم آج ہی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنا دیں گے ۔ اس پر مریم نواز کے وکلاء کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک دن کا وقت چاہیئے نیب کے جواب کی کاپی حاصل کر لی ہے آج(منگل) کو تیاری کر کے مکمل تیاری کے ساتھ عدالت میں پیش ہو ں گے ۔ اس پر عدالت نے درخواست ضمانت پر سماعت آج (منگل)تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو بحث کرنے کا حکم دیا ہے۔