میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
غزہ میں جاری مظالم نے انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا،وزیراعظم

غزہ میں جاری مظالم نے انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا،وزیراعظم

ویب ڈیسک
هفته, ۲۸ ستمبر ۲۰۲۴

شیئر کریں

 

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا ہے کہ غزہ میں جاری مظالم کی صرف مذمت کافی نہیں بلکہ اس بربریت کو فوری طور پر رکنا چاہیے۔ افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد گروپوں کا خاتمہ کرے ۔وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں سیشن سے خطاب کا آغاز قرآن کی آیت سے کیا اور فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت و مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج، ہمیں عالمی سطح پر انتہائی خطرناک چیلنجز کا سامنا ہے، ایک طرف غزہ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے، دوسری طرف یوکرین میں ایک خطرناک تنازع موجود ہے جبکہ افریقا اور ایشیا میں تباہ کن تنازعات، بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی؛ دہشت گردی، تیزی سے بڑھتی ہوئی غربت اور موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے ساتھ بھاری قرض جیسے عوامل ہیں، جس کے باعث دنیا اب ایک نئی سرد جنگ میں داخل ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ کے لوگوں کی حالت زار پر پاکستانی عوام کے دکھ اور درد کا اظہار کرنے کے لیے آپ کے سامنے کھڑا ہوں، فلسطینیوں پر جاری مظالم پر ہمارے دل خون کے آنسو رو رہے ہیں، ارض مقدس میں ایک سانحہ جاری ہے جس نے انسانیت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ غزہ میں جاری مظالم پر کیا ہم بحیثیت انسان خاموش رہ سکتے ہیں؟ جب کہ بچے اپنے ٹوٹے ہوئے گھروں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہوں؟ کیا ہم ان ماؤں کیلیے آنکھیں بند کر سکتے ہیں، جو اپنے بچوں کے بے جان جسموں کو جھونک رہی ہیں؟۔وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں جاری مظالم صرف تنازع نہیں بلکہ یہ معصوم لوگوں کا منظم قتل اور نسل کشی ہے، غزہ کے بچوں کے خون سے نہ صرف ظالموں بلکہ اْن لوگوں کے ہاتھ بھی رنگے ہوئے ہیں جو اس ظلم کے تنازعے پر خاموش اور اسرائیل کے شراکت دار ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہم ان باتوں کو نظر انداز کرتے ہیں تو پھر اس کا مطلب ہے کہ ہمارے اندر انسانیت ختم ہوگئی ہے، غزہ کے مظالم کی صرف مذمت کافی نہیں بلکہ اب آگے بڑھ کر اس خونریزی کو ہمیں روکنا اور عمل کرنا ہوگا۔ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ بے گناہ فلسطینیوں کا خون اور قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں