میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
محکمہ تعلیم سندھ کا بڑا کارنامہ ،ہیڈماسٹرز ڈپٹی سیکریٹری ،ایڈیشنل سیکریٹری تعینات

محکمہ تعلیم سندھ کا بڑا کارنامہ ،ہیڈماسٹرز ڈپٹی سیکریٹری ،ایڈیشنل سیکریٹری تعینات

ویب ڈیسک
منگل, ۲۸ ستمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

محکمہ تعلیم سندھ میں اساتذہ میرٹ پر بھرتی کرنے کے دعویدار وزیر تعلیم سندھ نے محکمے میں عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑادیں، ہیڈماسٹرز کو ڈپٹی سیکریٹری اور ایڈیشنل سیکریٹری تعینات کردیا، افسران کی غیرقانونی طور پر تعیناتی کے خلاف چیف سیکریٹری سندھ کو شکایت کردی گئی۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن سندھ نے 16 ستمبر کو ڈائریکٹوریٹ آ ف اسکول ایجوکیشن حیدرآباد میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹر زین العابدین لغاری کا تبادلہ کرکے ڈپٹی سیکریٹری اسکول ایجوکیشن تعینات کیاگیا، بعد میں 20 ستمبر کو ہیڈ ماسٹر کیڈر کے گریڈ 19 کے افسر محمد اکبر میمن کو ایڈیشنل سیکریٹری (پرائمری)تعینات کیا گیا،سندھ سیکریٹریٹ میں ڈپٹی اور ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدوں پر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز، پرویشنل سیکریٹریٹ سروسز اور ایگزیکیوٹ پروینشل سول سروس کے افسران کو ہی تعینات کیا جاسکتا ہے، ہیڈ ماسٹر کیڈر کے افسران کی ڈپٹی اور ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدوں پر تعیناتی سپریم کورٹ آف پاکستان کے سال 2011 کے ایک حکم کی خلاف ورزی ہے، محکمہ خزانہ کے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی سیکریٹری، ایڈیشنل سیکریٹری اور سیکریٹری کے عہدوں پر نان کیڈر افسران کی تعیناتی نہیں کی جاسکتی۔ محکمہ تعلیم سندھ میں نان کیڈر افسران کی ڈپٹی سیکریٹری اور ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر تعیناتی پر سندھ سیکریٹریٹ میں کیڈر افسران میں شدید بے چینی پائی گئی ہے، کیڈر افسران نے چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کو شکایت کی جس پر ان کو یقین دہانی کروائی گئی کہ ڈپٹی سیکریٹری زین العابدین لغاری اور ایڈیشنل سیکریٹری محمد اکبر میمن کا کچھ دنوں میں تبادلہ کیا جائے گالیکن اس پر عمل نہیں کیا ۔ محکمہ تعلیم سندھ میں عدالتی احکامات اور محکمہ خزانہ کے نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی پر سندھ سیکریٹریٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر ریاض جاکھرانی نے چیف سیکریٹری سندھ کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ قانون کی بالادستی اور شفاف حکمرانی کے لئے محکمہ تعلیم سندھ میں ہیڈ ماسٹر کیڈر کے افسران کی ڈپٹی سیکریٹری اور ایڈیشنل سیکریٹر ی کے طور پر تعیناتی کے نوٹیفکیشن واپس لئے جائیں۔ واضح رہے کہ وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ محکمہ میں میرٹ پر اساتذہ کی بھرتی کرنے کا اعلان کرچکے ہیں لیکن محکمہ میں افسران کی تقرری میرٹ پر نہیں کرتے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں