میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کم آمدنی زیادہ اثاثے، وزیرخزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد، ملزم کا صحت جرم سے انکار

کم آمدنی زیادہ اثاثے، وزیرخزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد، ملزم کا صحت جرم سے انکار

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۸ ستمبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ناجائز اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کردی ،تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کردیا ہے۔بدھ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ناجائز اثاثاجات کیس کی سماعت کی۔وزیر خزانہ اسحق ڈار جب احتساب عدالت پہنچے تو دوازہ بند ہونے کے باعث انہیں باہر ہی انتظار کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ واپس اپنی گاڑی میں بیٹھ گئے، تاہم کچھ دیر بعد وزیر خزانہ عقبی دروازے سے عدالت میں داخل ہوئے۔سماعت کے دوران وفاقی وزیر پر فرد جرم عائد کردی گئی ٗفاضل جج نے اسحاق ڈار کو الزامات پڑھ کر سنائے، تاہم وزیر خزانہ نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے الزام کو غلط قراردے دیا۔ اسحاق ڈار نے کہاکہ آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام بے بنیاد ہے، لہذا اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا دفاع کروں گا اور بے گناہی کو ثابت کروں گا۔عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کئے جانے کے بعد اسحاق ڈار کے وکلا نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی جس کی نیب نے مخالفت کی جب کہ عدالت نے استغاثہ کے 2 گواہان کو طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ ناجائز اثاثہ جات کیس میں 2 روز قبل اسحاق ڈار کے وکیل نے 10 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کراتے ہوئے عدالت سے جواب جمع کرانے کیلئے 7 روز کی مہلت طلب کی تھی جس پرعدالت نے ریفرنس کی مکمل نقل اسحاق ڈارکو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزم پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 27 ستمبر کی تاریخ مقرر کردی تھی۔واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان پر 3 جب کہ اسحاق ڈار پر ایک ریفرنس دائر کیا ٗ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے تھے اور عدالت نے ان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں