میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آرمی چیف کا دورہ سوات، درپا امن کیلئے معیاری تعلیم کی فراہمی ضروری ہے، جنرل باجوہ

آرمی چیف کا دورہ سوات، درپا امن کیلئے معیاری تعلیم کی فراہمی ضروری ہے، جنرل باجوہ

ویب ڈیسک
جمعرات, ۲۸ ستمبر ۲۰۱۷

شیئر کریں

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دیرپا امن و استحکام کے لئے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کچھ نہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کینٹ میں آرمی پبلک اسکول و کالج کا افتتاح کیا۔ مقامی عمائدین نے سوات کینٹ میں اسکول اور کالج کے قیام پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دیرپا امن و استحکام کے لیے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے بہتر کچھ نہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی پبلک اسکول پاک فوج کی جانب سے سوات کے عوام کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کا تحفہ ہے۔ سوات میں آرمی پبلک اسکول کا کیمپس جدید ترین سہولیات سے مزین ہے جس میں اسپورٹس اسٹیڈیم اور آڈیٹوریم بھی شامل ہے۔دوسری جانب آرمی چیف نے مہمند ایجنسی میں غلنئی تا مہمند گٹ سڑک کا افتتاح کردیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق 41 کلومیٹر طویل سڑک کے 14 کلومیٹر پر مشتمل فیز ون کا افتتاح کیا گیا ہے، منصوبے میں مہمند ایجنسی میں 751 میٹر طویل ناہاکی ٹنل بھی شامل ہے، اس موقع پر آرمی چیف نے ایف ڈبلیواو کے تعمیراتی کام کو سراہا جبکہ قبائلی عمائدین نے سیکورٹی اورترقیاتی منصوبوں پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا آئندہ ہفتے دورہِ افغانستان کا امکان ہے۔افغان میڈیا کے مطابق افغان وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اگلے پانچ روز میں افغانستان کا دورہ کرکے اعلیٰ افغان حکام سے ملاقات کریں گے جس کے دوران مختلف اہم امور زیر بحث آئیں گے۔افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری کے مطابق دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں طالبان کو امن مذاکرات کی میز پر لانے کے معاملے پر بھی گفتگو ہوگی۔ دوسری جانب پاکستانی وزارت دفاع یا خارجہ کی جانب سے اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ ایسے موقع پر ہوگا جب کچھ عرصے بعد روس میں افغانستان کے مسئلے پر کانفرنس کا انعقاد ہوگا جس میں 50 ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے اور مسئلے کے حل پر گفتگو کریں گے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل 20 ستمبر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان کے سفیر عمر زخیل وال نے ملاقات کی تھی جس میں باہمی دلچسپی اور سیکورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں