میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ حکومت،سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ مصطفی کمال کے حوالے کرنے کا پلان تیار

سندھ حکومت،سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ مصطفی کمال کے حوالے کرنے کا پلان تیار

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۸ اگست ۲۰۱۹

شیئر کریں

(رپورٹ :جوہر مجید شاہ) میئر کراچی کی جانب سے سابق سٹی ناظم سید مصطفی کمال کو بطور پی ڈی گاربیج کے اختیارات دینے اور واپس لینے کے بعد ناقدین کا کہنا ہے کہ صورتحال واضح اور بالکل یکطرفہ ہوگئی، ناقدین اسے فادر آف کراچی کی واضح شکست اور ناکامی قرار دے رہے ہیں، کیونکہ ویسے بھی مکمل اختیارات کے بغیر سید مصطفی کمال از خود بھی میدان سنبھالنے سے گریزاں تھے۔ ادھر کچرے پر بنتی بگڑتی ڈراماسیاست نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا، سندھ حکومت کے بعض منجھے ہوئے فرنٹ مین کھلاڑیوں نے کچرے کوٹھکانے لگانے کیساتھ میئر کراچی کو بھی رخصت کرانے کے لیے موقع کو غنیمت جانتے ہوئے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کو کچھ عرصے کے لیے سید مصطفی کمال کے حوالے کرنے کا فوری پلان تیار کرلیا، انتہائی بااعتماد اور باوثوق ذرائع نے بتایا کہ اس سے ایک جانب سید مصطفی کمال کے سابقہ تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مستفید ہوا جائے گا تو دوسری جانب سندھ حکومت شہریوں میں اپنی ساکھ بحال کرنے میں کامیاب ہوسکے گی، خصوصاً کچرے کے حوالے سے علاوہ ازیں سندھ سولڈ ویسیٹ مینجمنٹ بورڈ کی کارکردگی اور ساکھ بھی بحال کرنے میں خاصی مدد ملے گی اور سب سے بڑھ کر سیاسی مخالفین کو یہ ایک بڑا دھچکا بھی ہوگا۔ ادھر ذرائع کا کہنا ہے اس فیصلے پر فوری عملدرآمد کیلئے تیزی سے رابطے جاری ہیں اور اس بابت اعلیٰ قیادت کو بھی اعتماد میں لیا جائیگا۔ ادھر ذرائع کا کہنا ہے کچرے پر سیاست کرتے ہوئے سندھ حکومت کو مورد الزام ٹھرایا جارہا ہے، جبکہ سندھ حکومت نے میئر کراچی کو اربوں روپے نالوں اور صفائی ستھرائی کی مد میں فراہم کئے جس کا حساب اور آڈٹ رپورٹ میئر کراچی کو چاہیے شہریوں کے سامنے پیش کریں۔ انھوں نے شہریوں کے اعتماد اور ووٹوں کے تقدس کی پامالی کیساتھ عوامی عہدے کا صریحاً غلط اور ناجائز استعمال کیا، سید مصطفی کمال کو کچرے کی صفائی ستھرائی کے حوالے سولڈ ویسٹ میں ذمہ داری ملنے کی اطلاعات کے حوالے سے پی ایس پی کے ایک ذرائع نے بتایا کہ جلد شہری تمام حقائق اپنی آنکھوں سے دیکھ لینگے۔ سید مصطفی کمال اس شہر سے تمام کچرا صاف کرنے میں ضرور کامیاب ہونگے بس کام کرنے کی نیت خالص ہونی چاہیے، اس شہر کو جدید ترقی یافتہ شہر بنانے میں انکی کاوشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں انکے کام کی تعریف سابق چیف جسٹس نے بھی کی تھی، ہم کام کرینگے سیاست نہیں۔ ادھر سندھ حکومت کے ایک انتہائی ذمہ دار ذرائع نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا شہر اور شہریوں کی بہتری اور وسیع تر مفاد میں یہ کوئی بڑی بات نہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں