منشیات اسمگلنگ کیس ،رانا ثناء اللہ کے جوڈشیل ریمانڈ میں 10روز کی تو سیع
شیئر کریں
انسداد منشیات عدالت کے جج مسعود ارشد باگڑی نے مبینہ طور پر منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان کے جوڈشیل ریمانڈ میں 10روز کی تو سیع کر دی۔ بدھ کے روز جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر رانا ثناء اللہ خان کو دوبارہ انسداد منشیات عدالت میں پیش کیا گیا۔ رانا ثناء اللہ خان کی درخواست ضمانت پر دلائل جاری تھے کہ اسی دوران عدالت کے جج مسعود ارشد باگڑی نے کہا کہ انہیں واٹس ایپ میسج موصول ہوا ہے کہ ان کا تبادلہ کر دیا گیا ہے اور ان کی خدمات واپس لاہور ہائی کورٹ کو واپس کر دی گئی ہیں لہذا اب وہ اس کیس کی سماعت نہیں کر سکتے ۔ عدالت نے رانا ثناء اللہ خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10روز کی توسیع کرتے ہوئے مزید کارروائی 7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت کے جج کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ خان کی درخواست ضمانت پر بھی نئے جج آکر فیصلہ کریں گے ۔جبکہ رانا ثناء اللہ کے وکیل اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ہمیں نظر آگیا ہے کہ اے این ایف کا کیس کتنا مضبوط ہے ۔ اس پر جج مسعود ارشد کا کہنا تھا کہ میں اللہ تعالیٰ کو جوابدہ ہوں میں نے اللہ کی رضا کے لئے کام کیا ہے ۔ رانا ثناء اللہ یا کسی کا بھی کیس ہوتامیرٹ پر فیصلہ ہونا تھا۔