میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
لاپتہ افراد کی بازیابی کا کیس،وفاقی سیکریٹری داخلہ نے غیر مشروط معاف مانگ لی

لاپتہ افراد کی بازیابی کا کیس،وفاقی سیکریٹری داخلہ نے غیر مشروط معاف مانگ لی

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۸ مئی ۲۰۲۱

شیئر کریں

سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت میں وفاقی سیکریٹری داخلہ نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد عدالت میں پیش ہوکر غیر مشروط معاف مانگ لی، عدالت نے درخواستوں کی مزید سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی ۔سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی، عدالتی حکم کے بعد وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر ہیومن رائٹس ،اٹارنی جنرل آف پاکستان اور دیگر پیش ہوئے ، عدم پیشی پر وفاقی سیکرٹری داخلہ نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی۔وفاقی سیکرٹری داخلہ کا شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرواتے ہوئے کہنا تھا کہ عدالتوں کا احترام کرتا ہوں، مصروفیت کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکا۔جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا آپ انتہائی اہم پوزیشن پر تعینات ہیں، عدالت نے کئی حکم نامے جاری کیے ، جواب تک جمع نہیں کرایا گیا، مجبورا عدالت کا ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنا پڑا، جبری گمشدگی کا مسئلہ انتہائی اہم ہے ، اسے ختم کرنا ہوگا۔اٹارنی جنرل آف پاکستان نے کہا کہ انسانی حقوق کی بنیادوں پر وفاقی حکومت کام کررہی ہے ، خیبر پختونخوا حکومت نے حراستی مراکز کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے ، کے پی حراستی مراکز میں سندھ سے لاپتہ ہونے والے 3 افراد کی نشاندہی ہوئی ہے ۔سندھ سے لاپتہ ہوئے دیگر افراد کا سراغ نہیں لگایا جاسکا، وفاقی حکومت ترجیح بنیادوں پر اس معاملے کو دیکھ رہی ہے ، جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ امید کرتے ہیں مستقبل میں وفاقی سیکریٹری داخلہ عدالتی حکم کو نظر انداز نہیں کریں گے ۔عدالت نے وفاقی سیکریٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب کے ساتھ پھر پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے لاپتہ افراد کیسز کی مزید سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں