کراچی ، ناکے لگا کر چالان کرنا ٹریفک اہلکاروں کو مہنگا پڑ گیا
ویب ڈیسک
اتوار, ۲۸ اپریل ۲۰۲۴
شیئر کریں
کراچی میں ناکے لگا کر شہریوں کے چالان کرنا ٹریفک پولیس اہلکاروں کو مہنگا پڑ گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پولیس احمد نواز نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے غیر قانونی چیکنگ پر ایکشن لے لیا۔ڈی آئی جی نے ایس او محمود آباد اور ریکارڈ کیپر سمیت 17افسران و اہلکاروں کو معطل کردیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ معطل اہلکاروں کو پولیس لائن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ڈی آئی جی کے مطابق ٹریفک پولیس آفیسر بغیر باڈی وارن کیمرے کے چالان نہیں کریں گے، اہلکار شہریوں کو بلاوجہ تنگ نہ کریں ورنہ سخت کارروائی ہوگی۔واضح رہے کہ محمود آباد کے اہلکار ایکسپریس وے اور کازوے پر ناکہ لگا کر چیکنگ کرتے تھے۔