20لاکھ لوگ اسلام آبادپہنچیں، عمران خان کی کارکنوں کوتیاررہنے کی ہدایت
شیئر کریں
سابق وزیر اعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چاہتا ہوں جب کال دوں توکم از کم 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں،آج کے حکمران اپنی چوری بچانے کیلئے پورے ملک کو غلام بنا دیں گے، ملک پر سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، امپورٹڈ حکومت سے امریکہ ہمیں فتح کیے بغیر کنٹرول کرے گا، امریکہ بوٹ پالشیے چیری بلاسم کے ذریعے ہمیں کنٹرول کرے گا،این آر او ٹو کے ذریعے شریف اور زرداری خاندانوں او ران کے حواریوں کے مقدمات معاف ہوں گے ، این آر او ٹو کے ذریعے انصاف کے نظام کی قبر کھو دی جائے گی،چیف الیکشن کمشنر (ن) لیگ کا ایجنٹ ہے ہم اس کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، کوئی اخلاقی جواز نہیں کہ آپ اس عہدے پر رہیں آپ کو مستعفی ہونا چاہیے۔ایوان اقبال لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں آپ کے پاس آپ کی تیاری کرانے آیا ہوں ،یہ پاکستان کے لئے یہ فیصلہ کن وقت ہے،لاہور کے کارکنان کا آنے والے دنوں میں اہم کردار ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ میں آپ کو مینار پاکستان کے کامیاب جلسے کی مبارکباد بھی پیش کرتا ہوں ، میں نے اپنے 26سالوں میں کبھی اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا جو مینار پاکستان پر منعقد ہوا ۔ 27ویں رمضان کو پاکستان بنا تھا ،اس بابر کت دن وہ ملک بنا تھا جس کا نعرہ تھا پاکستان کا مطلب کیا لا الہ اللہ تھا، 27ویں رمضان کو ہم نے شب دعا کا اعلان کیا ہے ،ہم سب مولانا طارق جمیل کے ساتھ دعا کریں گے ،سارے پاکستان میں میں اپنی تنظیموں کو کہا ہے کہ وہ ٹیلی وژن سکرینوں پر رات 10بجے اس دعا میں شریک ہوں اورسب ملک کی حقیقی آزادی کے لئے دعا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب لیڈرز ہیں جو لیڈر ہوتا ہے وہ اپنے عوام کے اندر شعور بیدار کرتا ہے ،آپ نے لوگوں کے پاس میرا پیغام لے کر جانا ہے ، گلیوں محلوں میں آپ نے لوگوں سے تبلیغ کرنی ہے ،عوام کو پیغام دیں لا الہ اللہ کا مطلب ہے کہ اللہ کے سوا انسان کسی کے سامنے نہیں جھکتا،یہ کلمہ انسان کو خوف سے آزاد کرتا ہے ، انسان اقبال کا شاہین بن جاتا ہے ، جو غلام ہوتے ہیں وہ زمین پر رینگتے ہیں ۔ آپ لوگوں کے پاس جائیںتو انہیںبتانا ہے ملک کے اوپر سازش کے تحت ایک امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی ،جس کا مقصد یہ ہے کہ ہمیں امریکہ فتح کئے بغیر اسٹوجز کے ذریعے کنٹرول کرے گا ، چیری بلاسم کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا، یہ کنٹرول کیوں ہوں گے کیونکہ کہ ان کا پیسہ جائیدادیں ملک سے باہر ہیں یہ اس کی وجہ سے اپنی چوری کو بچانے کے لئے یہ سارے ملک کو غلام بنا دیں گے، یہ فیصلے ملک کی بہتری کے لئے نہیں کریں گے ،اپنے ملک کو کسی اور ملک کی خارجہ پالیسی او رمفاد ات کے لئے قربان کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ یہ سازش صرف ا س لئے ہوئی کیونکہ آپ کے وزیر اعظم نے کہا تھاکہ میں ایسی خارجہ پالیسی بنائوں گا جس کا صرف مقصد میرے ملک کے لوگوں کی مفادات ہوںگے ،میں اپنے لوگوں کو کسی اور ملک کے لئے قربان نہیں کروں گا۔ عمران خان نے کہا کہ میں جب کال دوں تو کم از کم 20لاکھ اسلام آباد پہنچیں ، آپ لوگوںکے اندر جا کر حقیقی آزادی کی تحریک کی تبلیغ کریں او رانہیں بتائیں پاکستان کے ساتھ کیا گیا ۔انہوںنے کہا کہ تمام عالمی اداروں کی رپورٹس ہیں کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی تھی، لوگوں کے اندر جائیں انہیں بتائیں کہ ہمیں جس طرح کا ملک ملاتھا اس کا دیوالیہ نکالا ہوا تھا جس کا سب سے بڑ ا خسارہ تھا جس کی وجہ سے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑ ،ہم نے بینک کرپٹ ملک کو سنبھالا ، اس کے ساتھ ہی کورونا آ گیا لیکن دنیا تعریف کرتی ہے کہ تین ممالک نے کورونا سے زبردست طریقے سے نمٹا جس میں پاکستان بھی شامل ہے، ہماری گروتھ 5.6فیصد پر تھی ،جو تاریخی خسارہ چھوڑ کر گئے تھے گیارہ سال میں سب سے کم خسارہ ہمارے تیسرے سال میںتھا،پانچ فصلیں ان کی ریکارڈ پیداوا ہوئی ،انڈسٹری میں8.6فیصدتک گروتھ ہوئی جس کا مطلب ہے کہ لوگوں کو نوکریاں ملیں۔انہوںنے کہا کہ اس کے باوجود میڈیا میں مہم چلائی گئی حکومت نا کام ہو گئی اور حکومت نا اہل ہے ، حالانکہ عالمی ادرے ہماری معیشت کے استحکام کی رپورٹس دے رہے تھے لیکن اپوزیشن نے پراپیگنڈا کیا کہ حکومت فیل ہو گئی اور ایک مہم چلائی گئی ۔انہوں نے کہا کہ یہاں پر سفیر بیک بنچرز سے ملے ،اپوزیشن لیڈر سے ملاقاتیں ہوئیں ۔ امریکہ کے انڈر سیکرٹری ہمارے سفیر کو ملتا ہے اور کہتاہے کہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اسمبلی میں پیش کر دی جائے گی ، پھر کہتا اگر کامیاب نہ ہوئی تو پاکستان کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ، پاکستان کو ہم تنہا کر دیں گے،یورپ میں بھی تنہا کر دیں گے ، اگر عمران خان کو ہٹا دیا گیا تو پاکستان کو معاف کر دیں گے۔