میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شوگرکمیشن تحقیقات،وزیراعظم کی جہانگیرترین کوانصاف فراہمی کی یقین دہانی

شوگرکمیشن تحقیقات،وزیراعظم کی جہانگیرترین کوانصاف فراہمی کی یقین دہانی

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۸ اپریل ۲۰۲۱

شیئر کریں

وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کے ساتھیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ ہر صورت انصاف ہوگا۔وزیراعظم عمران خان سے جہانگیر کے ہم خیال گروپ کے ارکان نے ملاقات کی جس میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی شرکت کی۔ ارکان نے وزیراعظم کے سامنے اپنا موقف پیش کیا اور جہانگیر ترین کے خلاف شوگر اسکینڈل مقدمات پر تحفظات کا اظہار کیا۔بعدازاں ایم پی اے نذیر چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے تفصیل سے ہماری بات سنی اور ہم نے وزیراعظم کے سامنے تحفظات رکھے، وزیراعظم نے یقین دیانی کروائی ہے کہ جہانگیر ترین کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، ہم نے مطالبہ کیا کہ شہزاد اکبر کی ٹیم سے کیسز لے کر غیر جانبدار ٹیم بنائیں۔راجہ ریاض نے بتایا کہ ہم نے شہزاد اکبر سے متعلق تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے، وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے اور معاملہ مجھ پر چھوڑ دیں، میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دونگا اور ہم مخالفین کے ساتھ بھی زیادتی نہیں کریں گے۔ راجہ ریاض نے کہا کہ ہمیں اپنے کپتان پر اعتماد ہے کہ وہ انصاف کریں گے۔ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے وزیراعظم سے جسٹس ساحر علی، تصدق جیلانی اور ناصر الملک پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا کی لیکن وزیراعظم نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے امید رکھیں ہر صورت انصاف ہوگا۔ہم خیال گروپ نے شہزاد اکبر کو جہانگیر ترین کے کیسز کے معاملے سے الگ کرنے کی درخواست کی لیکن وزیراعظم نے یہ درخواست بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد اکبر بہترین کام کررہے ہیں، میں ان کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے شوگر کمیشن پر جاری تحقیقات پر کسی قسم کا دباؤ قبول کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ میرا حکومت میں آنے کا مقصد نظام انصاف قائم کرنا ہے، جہانگیر ترین سمیت کوئی ذمہ دار نکلا تو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے واضح کر دیا کہ ساری کارروائی بلاامتیاز ہو گی، اگر کسی کا خیال ہے کہ دباؤ میں آکر تحقیقات روک دوں گا تو وہ بڑی غلطی پر ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سینیٹر علی ظفر کو جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ کے تحفظات سننے کے لیے نامزد کر دیا ہے، سینیٹر علی ظفر ایف آئی اے مقدمات کا بھی جائزہ لے کر رائے دیں گے، سینیٹر علی ظفر ہم خیال گروپ کے تحفظات سن کر وزیراعظم کو بریفنگ دیں گے۔ذرائع کے مطابق سینیٹر علی ظفر کی نامزدگی پر راجا ریاض نے اعتراض کیا لیکن وزیراعظم نے اعتراض کو مسترد کردیا اور کہا کہ آپ میں سے بہت لوگ بعد میں تحریک انصاف کا حصہ بنے، یہ ذہن میں رکھیں کہ میں صرف وزیر اعظم رہنے کے لیے حق کا ساتھ چھوڑ دوں ایسا نہیں ہوگا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں