سندھ بلڈنگ حیدرآباد،ریجنل ڈائریکٹر عبدالحمید زرداری کاکردار عملاً ختم
شیئر کریں
(خصوصی رپورٹ ) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، ریجنل ڈائریکٹر کے تمام اختیارات چھین لئے گئے، تعمیرات، نقشوں کی منظوری و منسوخی ڈائریکٹر جنرل آفس سے ہوگی، ریجنل ڈائریکٹر کے اختیارات صرف سفارشات بھیجنے تک محدود، ریجنل آفیسر مفلوج ہوگئے، تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے ریجنل ڈائریکٹرز سے تعمیرات و نقشوںکی منظوری و منسوخی کے تمام اختیارات چھین لئے ہیں جس کے بعد رینجنل ڈائریکٹوریٹ مفلوج ہو گئے ہیں، ملنے والے معلومات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں نئے تعینات ڈائریکٹر جنرل نے ریجنل ڈائریکٹرز کے اختیارات ختم کرکے تعمیرات، لے آؤٹ و نقشوں کی منظوری و منسوخی کو 5 رکنی کمیٹی کے ماتحت کردیا ہے، جبکہ رینجنل ڈائریکٹر صرف سفارشات بھیج سکتا ہے، ایسے عمل کے بعد رینجنل ڈائریکٹرز کا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں عملی طور کردار ختم ہوگیا ہے، ریجنل ڈائریکٹر حیدرآباد عبدالحمید زرداری کے پاس سکھر، میرپورخاص اور نوابشاہ ڈویزن کا چارج بھی موجود ہے، ذرائع کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد میں ریجنل ڈائریکٹر کو مفلوج کرنے کے بعد تعمیرات و نقشوں کی منظوری و منسوخی کے تمام اختیارات ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس عدنان شاہ بخاری کے حوالے کئے گئے اور عدنان شاہ بخاری ایس بی سی اے کے سابقہ طاقتور افسر کے قریبی رشتے دار ہیں، جو اس وقت کرپشن کے سنگین کیسز کے باعث ملک سے باہر ہیں اور حال میں اس سابقہ افسر کو نسلہ ٹاور کیس میں بھی نامزد کیا گیا تھا، ذرائع کے مطابق عدنان شاہ بخاری 12 سال سے ایس بی سی اے حیدرآباد کے سیاہ و سفید کے مالک ہیں اور وہ ریجنل آفس میں ریجنل ڈائریکٹر سے بھی زیادہ اختیار رکھتے ہیں، ڈائریکٹر جنرل آفس کی پشت پناہی کے باعث ایس بی سی اے حیدرآباد میں عدنان شاہ بخاری نے پورے آفس کو مفلوج کر رکھا ہے۔