میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پیپلز پارٹی کی بے وفائی سے نواز لیگ میں بھونچال آگیا

پیپلز پارٹی کی بے وفائی سے نواز لیگ میں بھونچال آگیا

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۸ مارچ ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: شعیب مختار) پیپلز پارٹی کی بے وفائی ن لیگ کواختلافات کا شکار کر گئی، پارٹی کے متعدد رہنماؤں کی جانب سے قیادت کو تمام تر تحفظات سے آ گاہ کر دیا گیا۔ قائدمسلم لیگ ن نے تنظیمی ڈھانچے کو منظم رکھنے کے لیے اہم رہنماؤں کا ویڈیو لنک اجلاس پیر کو طلب کر لیا، شہباز شریف سے بھی مشاورت مکمل کر لی گئی، حمزہ شہباز کی جانب سے خصوصی پیغام نواز شریف کو پہنچا دیا گیا۔ بیگم کلثوم نواز کے 71ویں یوم پیدائش پرپی ڈی ایم سے متعلق اہم فیصلے لیے جانے کا امکان۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما جن میں شاہد خاقان عباسی،احسن اقبال،مصدق ملک اور محمد زبیر شامل ہیں کی جانب سے مریم نواز کوپیپلز پارٹی کی کسی بھی ہدایات پر عمل نہ کرنے اور آئندہ کسی بھی معاملے پر پیپلز پارٹی کا ساتھ نہ دینے پر زوردیا جا رہا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم سے علیحدہ کرنے اور معاملے پر 9اپو زیشن جماعتوں کو یکجا کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے کی تجویز بھی دی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں گزشتہ روز حمزہ شہباز کی اپنے والد شہباز شریف سے ملاقات بھی اہم تصور کی جا رہی ہے جس میں قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف کی جانب سے مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت کو کردار ادا کرنے کامشورہ دیا گیا ہے اور تمام تر صورتحال سے متعلق اپنے بڑے بھائی میاں نوازشریف کو ایک خصوصی پیغام بھیجا گیا ہے جسے حمزہ شہباز نے ان تک پہنچا دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کیخلاف کسی بھی قسم کی بیان بازی نہ کرنے کے بیانیے نے مسلم لیگ میں ایک نیا بھونچال پیدا کر دیا ہے، جس نے پارٹی قیادت کو سر پکڑنے پر مجبور کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں 29مارچ کو ن لیگ کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، جس میں نواز شریف کی مشاورت کے بعد اہم فیصلے متوقع ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں