آئی ایم ایف کو خط، پی ٹی آئی کو سیاسی قیمت ادا کرنا پڑے گی، نگران وزیراعظم
شیئر کریں
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کو لکھے گئے خط پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر ان کو سیاسی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے، انتخابی معاملات کا فورم آئی ایم ایف نہیں ہے، پی ٹی آئی کو اس کی سیاسی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتوں کے سامنے سرنڈر نہ کرنا ان کا بیانیہ ہے، اس وقت مثبت انداز میں بات ہورہی ہے، امید ہے 6ارب ڈالر کے لیے آئی ایم ایف سے بات ہوجائے گی۔نگران وزیراعظم نے ایک سوال پر کہا کہ جج نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے نگراں حکومت کی کوششوں کو سراہا، عدالتوں کی عزت اور ان کے سامنے سرنڈر کرنا چاہیے۔انوارالحق نے کہا کہ لاپتا افراد کے اعداد و شمار غلط بتائے جاتے ہیں، بہت سارے لوگ افغان کیپمپوں میں رہ رہے ہیں، میڈیا پر بیانیہ بنانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، اس حوالے سے صوبے اور وفاق کی سطح پر کمیشن بنائے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کبھی حکومت اور کبھی ریاست مخالف عناصر کی طرف سے ہوتی ہے۔