محکمہ ریونیو، سسٹم میں شامل سب رجسٹرار دوبارہ فعال
شیئر کریں
محکمہ ریونیو سندھ نے کرپشن سسٹم کے افسران کی تعیناتی کراچی میں شروع کردی۔ نذر گوپانگ۔ منٹھار زرداری اور طارق مگسی کو کراچی کے مختلف سب ڈویژن میں تعینات کر دیا گیا۔ مبینہ طور پر کرپشن کی وصولی شروع ہونے کا امکان ہے۔ جرات کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت سازی کے قیام کا مرحلہ جاری ہے۔ محکمہ روینیو اس بار بھی ہالا کے مخدوم خاندان کو دیا جائے گا اور مخدوم خاندان نے اس بار سابق وزیر روینیو مخدوم محبوب الزمان کے بجائے ان کے کزن مخدوم فخرالزمان کو نامزد کیا ہے۔ مخدوم فخر الزمان کی نامزدگی سے مخصوص سب رجسٹرار کے تبادلے شروع ہوئے ہیں۔ سب رجسٹرار منٹھار علی زرداری کو شاہ فیصل ٹاؤن اور زوہیب نذر گوپانگ کو سب رجسٹرار کلفٹن تعینات کیا گیا ہے۔ طارق حسین مگسی کو سب رجسٹرار نارتھ ناظم آباد ٹاؤن اور سائیں بخش کولاچی کو مختیارکار کورنگی تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہو گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سب رجسٹرار زوہیب نذر گوپانگ کو قوانین کی خلاف ورزی پر ماضی میں معطل کیا گیا اور سندھ ہائی کورٹ نے زوہیب گوپانگ سمیت 3 سب رجسٹرار کے کیسز اینٹی کرپشن سندھ کو ارسال کرنے کا حکم جاری کیا لیکن اینٹی کرپشن سندھ نے تاحال ان کے خلاف انکوائری مکمل نہیں کی ، ذرائع کا کہنا ہے پیپلز پارٹی کی سابق حکومت کے دوران سابق وزیر مخدوم محبوب کے بجائے نئے منتخب ایم پی اے علی حسن ہنگورجو مخصوص سب رجسٹرار اور نجی لوگوں کے ذریعے رجسٹرار آفسں کو چلاتے رہے اور ہر ماہ مبینہ طور پر کروڑوں روپے رشوت کی وصولی کرتے رہے ۔