میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
انسداد دہشت گردی اور بینکنگ کورٹ سے عمران خان کی ضمانتیں منظور

انسداد دہشت گردی اور بینکنگ کورٹ سے عمران خان کی ضمانتیں منظور

جرات ڈیسک
منگل, ۲۸ فروری ۲۰۲۳

شیئر کریں

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج اور کار سرکار میں مداخلت کے کیس اور بینکنگ کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانتیں منظور کر لیں۔ عمران خان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج اور کار سرکار میں مداخلت کے کیس میں پیش ہوئے۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد نے عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کی۔ عدالت نے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض 9 مارچ تک عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔ عمران خان کے خلاف مقدمہ تھانہ سنگجانی میں درج کیا گیا تھا۔ دوسری جانب ممنوعہ فنڈنگ کیس میں بینکنگ کورٹ نے بھی عمران خان کی ضمانت کنفرم کر دی۔ بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا اور ان کی ضمانت منظور کر لی۔ اس موقع پر حامی وکلا اور کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت میں موجود تھی، جس پر جج نے بار بار کمرہ عدالت میں خاموش رہنے کا بھی کہا۔ عمران خان کی عدالتوں میں پیشی کے موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد عدالت کے باہر جمع تھی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر سخت سیکیورٹی کے اقدامات کیے گئے تھے۔ عدالتوں کے باہر اسلام آباد اور پنڈی سمیت خیبر پختونخوا سے بھی کارکنوں کی بڑی تعداد پہنچی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں