زرداری یا مجھ پر حملہ ہوا تو عمران خان سے حساب لیا جائے، بلاول بھٹو
شیئر کریں
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کہ دہشتگرد تنظیموں کی جانب سے میرا اور میری پارٹی کا نام لے کر براہ راست دھمکیاں دئیے جانے کے بعد عمران خان اب میرے والد سابق صدر آصف علی زرداری پر غلط الزامات عائد کر رہا ہے۔ عمران خان کے بیانات نے میرے والد، میرے خاندان اور میرے متعلقین کے لئے خطرات بڑھا دئیے ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم اپنے خاندان کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے عمران خان کے الزامات کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم عمران خان کے حالیہ توہین آمیز اور خطرناک الزامات کے حوالے سے قانونی پہلوں کو بھی دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان نے ان الزامات سے قبل میرے والد کو بندوق کی نوک پر رکھنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان اور ان حواریوں کی دہشتگردوں کی سہولت کاری اور ہمدردی کے حوالے سے دستاویزات تاریخ کا حصہ ہیں۔ عمران خان نے جب حکومت میں تھا تو دہشتگردوں کو رہا اور جمہوریت پسندوں کو گرفتار کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کو دہشتگرد تنظیموں کے حوالے کیا۔ آج تک اس کی پارٹی دہشتگرد گروہوں کی فنڈنگ کرتی رہی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اگر مجھ پر میرے والد یا پارٹی پر کوئی حملہ ہوا تو سب کا حساب لیا جائے گا۔ عمران خان کو سمجھنا چاہیے کہ ہر مرتبہ اس کی بیوی کو خواب آنے پر وہ ٹی وی پر آکر لوگوں سے متعلق الزامات عائد نہیں کر سکتا۔ عمران خان کی اہلیہ کے خواب عدالتوں میں ثابت نہیں کئے جا سکتے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عمران خان کا حالیہ الزام یہ ہے کہ میرے خاندان کے کسی دہشتگرد تنظیم سے کوئی ناطہ ہے یا ہم کسی کو بھرتی کرکے عمران خان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ عمران خان کا یہ الزام نہ صرف غیرمنطقی ہے بلکہ اس الزام نے ہم سب کے لئے خطرات بڑھا دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عمران خان کو چیلنج کرے گی۔ ہم پاپولر فکشن کو اپنے بیانیے پر حاوی ہونے نہیں دیں گے جو ہماری سیاست کو زہر آلود اور جمہوریت کو تاراج کرے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم دہشتگردوں اور ان کے سیاسی فرنٹ مین کے پروپیگنڈا کا چارہ بننا بھی برداشت نہیں کریں گے۔