میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران خان ہماری ریڈلائن، گرفتاری پر بھرپور مزاحمت کی جائے گی، تحریک انصاف

عمران خان ہماری ریڈلائن، گرفتاری پر بھرپور مزاحمت کی جائے گی، تحریک انصاف

ویب ڈیسک
هفته, ۲۸ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کی زیرصدارت پارٹی رہنمائوں کااجلاس ہوا جس میں پارٹی چیئرمین عمران خان کی سکیورٹی کے حوالے سے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔اجلاس میں شبلی فراز ، ڈاکٹر یاسمین راشد ، جمشید اقبال چیمہ ، اعجاز چوہدری ،شفقت محمود ،میاں محمود الرشید، ،شیخ امتیاز محمود ،میاں اسلم اقبال ، زبیر نیازی ، ڈاکٹر مراد راس ،ندیم بارا ،شبیر گجر ،ملک سرفراز کھوکھر ، ڈاکٹر نوشین احمد سمیت دیگر شریک ہوئے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کے ناموں پر بھی غور کیا گیا جبکہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان تمام حلقوں سے الیکشن لڑیں گے یا نہیں تاحال فیصلہ نہ ہوسکا۔پارٹی قیادت کو اپنی اپنی تجاویز دو روز میں مکمل کرنے کی ہدایات کی گئی ہے، ضمنی الیکشن کے حلقوں میں کس کو لانا ہے اور کس کو نہیں حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کی سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے ، پارٹی کے رہنمائوں کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ،عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان ملک کو بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں ،امپورٹڈ حکمران ٹولہ خوشحال اور عوام بدحال ہو چکے ہیں ،حکمرانوں کو عام آدمی کی کوئی فکر نہیں ،حکمرانوں کی ساری توجہ صرف اپنے کرپشن کے کیسزختم کروانے پر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ امپورٹڈ حکمران ٹولہ دن بدن امیر اور عوام غریب تر ہوتی جا رہی ہے ۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جانثار کارکنان ہر وقت عمران خان کی حفاظت کے لیے موجود ہیں،حکومت ایسے بے لوث جذبے کو شکست نہیں دے سکتی ،تحریک انصاف امپورٹڈ حکومت کے تمام اوچھے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی ،ملک کو تباہ کرنے میں پی ڈی ایم حکومت نے کوئی کسر نہیں چھوڑی ،عمران خان کی گرفتاری پر پی ٹی آئی بھرپور مزاحمت کرے گی ۔ا نہوںنے کہا کہ امپورٹڈ حکومت ملک میں مہنگائی کا طوفان لے کر آئی ہے ، ناکام ترین امپورٹڈ حکومت اپنی تمام نااہلی اور ناکامیوں کا بوجھ غربت کی چکی میں پسی عوام پر ڈال رہی ہے ،حکمران اور ان کے حواری صبح و شام صرف گیدڑ بھبکیاں مارتے ہیں ،عمران خان کی حفاظت کے لیے کارکنان ہر وقت چوکنا ہیں۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان کی سرکاری سکیورٹی واپس لینا امپورٹڈ حکومت کی گھٹیا اور نیچ حرکت ہے ۔ شیخ امتیاز محمود نے کہا کہ ،عمران خان کو گرفتار کرنے سے پہلے ہماری لاشوں سے گزر کر جانا پڑے گا ،لاہور کے کارکنان دن رات زمان پارک میں عمران خان کی حفاظت کے لیے ہر وقت جاگ رہے ہیں ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں